(1) محرم کے مہینے میں سات تاریخ کو مٹی کوڑنا، آٹھ اور نو تاریخ کو تعزیہ بناکر ڈنکا بجانا، دسویں تاریخ کو مٹی کو بطور جنازہ دفن کرنا، اسلام کی رو سے کیا ہے ؟ کیا اسلام اس کی اجازت دیتا ہے ؟
(2) کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک بار تعزیے کا جلوس جا رہا تھا تو غازی پور کے مولانا محمد فصیح صاحب نے تعزیے کو امام محمد حسین کا جنازہ سمجھ کر کاندھا لگایا تھا۔ اس کی وضاحت کریں۔
(3) کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ تعزیہ بنانے، اٹھانے ، ڈنکا بجانے سے ان کی روزی میں برکت ہوتی ہے۔ کیا یہ برکت تعزیہ داری سے ہی ہوتی ہے یا خدا کی مرضی سے ؟ اور اگر وہ تعزیہ داری نہ کرتے تو برکت نہ ہوتی ؟
(4) کچھ لوگ تعزیہ بناتے تھے، مٹی کوڑتے تھے۔ اور اب ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ تعزیہ نہیں اٹھتا۔ ان میں سے کچھ کی مالی حالت خراب ہو گئی ہے۔ کیا ان کی مالی حالت تعزیہ داری بند کرنے کی وجہ سے خراب ہوئی ہے ، یا خدا کی مرضی سے؟
(5) کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ تعزیہ داری بند کر دینے سے امام حسن اور امام حسین کا نام لینے والا دنیا میں کوئی نہیں رہے گا، ان کا نام دنیا سے مٹ جائے گا۔ کیا سچ مچ تعزیہ داری بند کر دینے سے ان کا نام دنیا سے مٹ جائے گا ؟ کیا ان کا نام لینے والا کوئی دنیا میں نہیں رہے گا؟ تفصیل سے بیان کریں۔
(6) جس مہینے میں محمد رسول اللہ ﷺ کے نواسے امام حسین پر مصیبت آئی تھی، خاندان کے سب مردمارے گئے تھے ، چھ مہینے کے علی اصغر پیاس کی حالت میں تیر کے نشانے بنے، عورتوں کی بے حرمتی ہوئی۔
اس مہینے میں خوشی منانے، بطور جنازہ تعزیہ بنانے پر محمد ﷺکے دل پر کیا گزرتی ہوگی ۔ کیا وہ تعزیہ داری کرنے والوں سے خوش ہوتے ہوں گے ، یا بد دعا دیتے ہوں گے ؟ وضاحت فرمائیں۔
(7) کیا عرب میں محرم میں مٹی کھودی جاتی ہے ؟ تعزیہ داری ہوتی ہے ؟ کیا مٹی امام حسن حسین کا جنازہ کہہ کر دفن کی جاتی ہے ؟
بدر الدین انصاری، مقام و پوسٹ : مدھا، وایا: ساگر پالی ، بلیا
۲۵/ ذو الحجہ ۱۴۰۳ھ
(7-1) تعزیہ داری اور تعزیہ داری سے متعلق تمام وہ رسوم جو سوالات میں مذکور ہیں، ناجائزو گناہ ہیں۔ اب مولانا فصیح صاحب کا وصال ہو گیا ہے ، اسے کون بتائے کہ یہ صحیح ہے کہ غلط ؟ وہ زندہ ہوتے تو ان سے تصدیق ہو سکتی تھی۔ یہ بالکل جھوٹ ہے کہ تعزیہ داری سے روزی میں برکت ہوتی ہے۔ سیکڑوں تعزیہ داروں کو میں نے دیکھا ہے کہ پوری زندگی بھیک مانگتے ہی رہے۔ یہ بھی جھوٹ ہے کہ تعزیہ داری بند کر دینے سے امام حسن و حسین کا نام لینے والا کوئی نہیں رہے گا۔ خلفائے راشدین، اولیاے کرام، حضرت غوث اعظم، حضرت خواجہ غریب نواز رضی اللہ عنهم اجمعین کا تعزیہ نہیں اٹھتا، کیا ان کے نام لینے والے حسنین کریمین سے کم ہیں؟ یہ بھی جھوٹ ہے کہ تعزیہ داری خوشی منانے کے لیے کی جاتی ہے۔ کسی چیز کا حرام ہونا اور بات ہے اور اس کے مقصد کو غلط رنگ دینا اور بات ہے۔ یہ وہابیوں دیو بندیوں گستاخان رسول کی دھاندلی ہے کہ وہ تعزیے کو خوشی منانے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ مسلمانوں کو لازم ہے کہ تعزیہ داری بند کر دیں اور حضرت امام عالی مقام کے نیاز کی سبیل لگائیں۔ ان کے ذکر کی محفل منعقد کریں۔ ان کے نام ایصال ثواب و فاتحہ و نیاز کریں۔ دسویں محرم کو کھچڑا پکا کر نیاز دلائیں۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔