تعزیہ اٹھانا، یا اس کو چوک بنا کر رکھنا اور ماتم کرنا، مرثیہ پڑھنا اور لکڑی کھیلنا جائز ہے یا ناجائز ؟ اگر جائز ہے تو جواب قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل مطلوب ہے۔
عبدالاحد، اشفاق عالم ، محلہ : مسجد یا گھاٹ، مقام و پوسٹ : چھت بڑا گاؤں ، بلیا، یوپی
تعزیہ بنانا اور اٹھانا، اس کا جلوس نکالنا، مرثیہ و نوحہ پڑھنا، ماتم کرنا، چوک پر رکھنا ، تمام تعزیہ داری کے مراسم حرام و گناہ ہیں۔ اسی طرح تعزیے کے ساتھ لکڑی کھیلنا بھی۔ تعزیے کے جلوس سے ہٹ کر بغیر کسی ممنوع شرعی کا ارتکاب کیے ہوئے لکڑی کھیلنا جائز ہے ، جائز ہی نہیں، بلکہ بنیت حسن ثواب ہے۔
قرآن مجید میں ہے: وَ اَعِدُّوْا لَهُمْ مَّا اسْتَطَعْتُمْ مِّنْ قُوَّةٍ وَّ مِنْ رِّبَاطِ الْخَیْلِ تُرْهِبُوْنَ بِهٖ عَدُوَّ اللّٰهِ وَ عَدُوَّكُمْ (القرآن الكريم، سورة الأنفال: ٨، الآية : ٦٠)
جہاں تک ہو سکے دشمنوں سے مقابلے کے لیے قوت جمع رکھو اور گھوڑے باندھے رہو جس سے اپنے اور اللہ کے دشمن کو ڈراؤ۔
حدیث میں ہے: كل لهو المومن باطل الاثلاث ملاعبة بأهله، وسبقة بفرسه، و رمية بقوسه . (كل ما يلهو به المرء المسلم باطل الا رميه بقوسه و تادیبه فرسه وملاعبته امرأته، فانهن من الحق).
(سنن ابن ماجة، ج : ۲ ، ص: ٩٤٠ ، الرقم : ۲۸۱۱ ، دار إحياء الكتب العربية )
مومن کا ہر کھیل باطل ہے سواے تین کے : اپنی اہلیہ کے ساتھ خوش فعلی، گھوڑ دوڑ اور تیر اندازی۔
اور فرمایا: ارموا بني اسمعيل، فان اباكم كان راميا . (صحيح البخاري، الرقم: ۲۸۹۹ ، كتاب الجهاد والسير، باب التحريض على الرمي)
اے بنی اسمٰعیل تیر اندازی کرو، تمھارے باپ تیر انداز تھے۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔