کیا فرماتے ہیں مفتیانِ دین و ملت اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔۔
زید سنی صحیح العقیدہ مولوی ہے جو کبھی کبھی امامت بھی کرتا ہے۔ شرعی گفتگو کے دوران اس نے کہا کہ میں بہارِ شریعت اور قانونِ شریعت کو نہیں مانتا ہوں۔ پھر دوسرے موقع پر اس نے کہا کہ تم لوگ جاؤ، ہم کو شریعت سے الگ ہی رہنے دو۔
تو ایسے شخص کے بارے میں کیا حکم ہے؟ بیّنوا تُؤجروا
زید علانیہ توبہ کرے اور اقرار کرے کہ میں بہارِ شریعت اور قانونِ شریعت کو مانتا ہوں۔ اور اس کا یہ جملہ بہت سخت ہے کہ تم لوگ جاؤ، ہم کو شریعت سے الگ ہی رہنے دو۔ لہٰذا اگر وہ بیوی والا ہو تو تجدیدِ نکاح بھی کرے۔ اگر وہ ایسا نہ کرے تو سب مسلمان اس کا بائیکاٹ کریں اور اس کے پیچھے نماز ہرگز نہ پڑھیں۔ خدائے تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَ اِمَّا یُنْسِیَنَّكَ الشَّیْطٰنُ فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرٰى مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ(۶۸) ترجمہ کنز الایمان: اور جو کہیں تجھے شیطان بھلاوے تو یاد آئے پر ظالموں کے پاس نہ بیٹھ۔(پارہ ۷، سورۃ الانعام، آیت: ۶۸) وَهُوَ تَعَالَى أَعْلَمُ بِالصَّوَاب
كتبہ:
جلال الدین احمد الامجدی:۲۶ شعبان المعظم ۱۴۲۱ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔