کیا فرماتے ہیں مفتیان دین و ملت اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
ڈاکخانہ یا بینک میں رقم فکس کی تو چند سال میں وہ ڈبل ہوگئی تو ایسی رقم سے حج کرنا جائز ہے یا نہیں؟ بینوا توجروا
یہاں کے ڈاکخانہ یا گورنمنٹ کے بینک میں رقم جمع کرنے سے جو نفع ملتا ہے اس سے حج کرنا اور اپنی دوسری جائز ضروریات میں اسے خرچ کرنا جائز ہے۔ اس لئے کہ وہ شرعاً سود نہیں ۔ حضور مفتی اعظم ہند علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں کہ : گورنمنٹ سے جو رو پیہ زائد ملتاہے سود نہیں کہ سود ہونے کے لئے مال معصوم ہونا ضروری ہے ۔و مَالَ الْحَرْبِيِّ لَيْسَ بِمَعْصُومٍ (بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع – الكاساني (٥ / ١٩٢)
جب گورنمنٹ ایک رقم اپنی رضا سے خود زائد دیتی ہے اس کے لینے میں کوئی حرج نہیں کہ وہ سود نہیں مگر سود سمجھ کر لینا ضرور گناہ ہوگا اس کے سمجھنے سے وہ سود نہ ہو جائے گا جوزائد مال اخذ کیا مال حلال ہے مگر حرام سمجھ کر لیا اس کا گناہ ہوا اگر اسے سود جانتا ہے اور لیتا ہے تو گنہگار ہے ۔ ( فتاوی مصطفویہ ترتیب جدید صفحہ ۴۱۴) و الله تعالى اعلم.
الجواب صحیح: جلال الدین احمد الامجدی
كتبه : محمد ابرار احمد امجدی برکاتی
۲۴ شعبان المعظم ۲۱ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔