کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایك شخص ذبح کرتاہے دوسرا پاؤں یا سر ذبیحہ کا پکڑے ہے دونوں پر بسم الله ضرور ہے یا ذابح کو کافی ہے؟ اور اگر مددگار نے بسم الله ترك کی قصداً یا یہ مددگار کوئی کافر ہندو وغیرہ تھا،تو ذبیحہ حلال رہا یا مردار ہوا؟ بینوا توجروا
اصل ذابح پر تکبیر کہنی لازم اور اسی کی تکبیر کا فی ہے۔سریا پاؤں پکڑنے والے کی تکبیر کی اصلاً حاجت نہیں نہ اس کا کافر مشرك ہونا کچھ مضر۔
فان الذبح انما هو قطع العروق لا الاخذ بالراس والقوائد کما لایخفی۔ ترجمہ: ذبح جانو ر کی رگوں کے کاٹنے کا نام ہے جانور کے سروپاؤں پکڑنے کا نام نہیں،جیسا کہ مخفی نہیں ہے۔
ہاں اگر ایك نے دوسرے کو نفس ذبح میں مدد دی،مثلاً زید ذبح کر تا ہے عمرو نے دیکھا اس کا ہاتھ ضعیف ہے ذبح میں دیر ہوگی اپنا ہاتھ بھی چھری پر رکھ دیا اور دونوں نے مل کر چھری پھیری تو بیشك دونوں میں جوکوئی قصداً تکبیر نہ کہے گا جانور حرام ہو جائے گا،یونہی اگر ان میں کوئی کافر مشرك تھا تو بھی ذبیحہ مردار ہوگیا،
فی الدرالمختار (تشترط) التسمية من الذابح (1) وفیه عن الخانیة أراد التضحية فوضع يده مع يد القصاب في الذبح وأعانه على الذبح سمى كل وجوبا، فلو تركها أحدهما أو ظن أن تسمية أحدهما تكفي حرمت (2) الخ، واﷲ سبحانه وتعالٰی اعلم بالصواب۔
درمختار میں ہے کہ ذبح کرنے والے پر بسم اللہ پڑھنا لازم ہے اور اس میں خانیہ سے ہے قربانی کرتے ہوئے اپنا ہاتھ قصاب کے ہاتھ کے ساتھ ذبح میں رکھا اور ذبح میں مدد کی تو ہر ایک بسم اللہ پڑھے، تو اگر ایک نے نہ پڑھا یا خیال کیا کہ ایک کا پڑھنا کافی ہے تو جانور حرام ہوگا الخ، واللہ سبحانہ وتعالٰی اعلم بالصواب (ت)
(1) ↩— الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي (٦٤١)
(2) ↩— الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي (٦٤٩)
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔