کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ ایک عیسائی نے براہ فریب دہی مسلمان کا حقہ پیا، مسلمان چونکہ اسے مسلمان سمجھتے تھے انھوں نے اس کا پیا ہوا حقہ پیا، پھر ایک شخص آیا اس نے عیسائی کو حقہ پیتے دیکھ کر کہا تو عیسائی ہو کر مسلمانوں کا حقہ پیتا ہے۔ اس نے کہا میں فلاں مسجد میں ایک مہینہ ہوا مسلمان ہو گیا ہوں، جب اس مسجد میں تحقیق کیا گیا تو بیان اس کا بے ثبوت نکلا ایسی حالت میں وہ مسلمان جنھوں نے اس کا پیا ہوا حقہ پیا ہے کیا کریں ؟ بینوا توجروا ( بیان کرو تا کہ اجر پاؤ۔ت)
جب نادانستہ پیا ان پر کچھ الزام نہیں بلکہ جب وہ کہتا ہے میں مسلمان ہو چکا ہوں تو اسے مسلمان ہی سمجھا جائے گا جب تک اس سے کفر جدید ظاہر نہ ہو اور اس تحقیقات کا کچھ اعتبار نہیں کہ نفی کی گواہی نا معتبر ہے اور کافر کا اقرار کر نا ہی اسے مسلمان ٹھہرانے کے لئے کافی ہے کما نص عليه فی الدر المختار وغیرہ ( جیسا کہ اس پر درمختار وغیرہ میں نص کی گئی ہے۔ ت) واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔