مسئلہ ۱۸۵ : ازبدایوں محلہ جالندھری مسئولہ محمدادریس خاں صاحب ۲۸محرم الحرام ۱۳۳۱ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ بنا برشوکت ودبدبہ اسلام تعزیہ بنانا اور نکالنا وعَلَم وبیرق اور مہندی وغیرہ نکالنا جائزہے یانہیں؟ نیز تعزیہ کوحاجت رواسمجھنا یایہ کہنا کہ تعزیہ ہماری منت کاہے اگربندکریں نہ بنائیں توہمارا نقصان اولادومال ہوگا، کیسا ہے؟ تعزیہ دار یا تعزیہ پرست کے ہاتھ کاذبیحہ کھانا درست ہے یانہیں؟
عَلَم، تعزیہ، بیرق، مہندی جس طرح رائج ہیں بدعت ہیں اور بدعت سے شوکت اسلام نہیں ہوتی تعزیہ کو حاجت روا یعنی ذریعہ حاجت رواسمجھنا جہالت پرجہالت ہے اور اسے منت جاننا اور حماقت، اور نہ کرنے کو باعث نقصان خیال کرنا زنانہ وہم ہے مسلمان کو ایسی حرکات وخیال سے باز آناچاہئے بایں ہمہ تعزیہ دار مسلمان ہے اور اس کے ہاتھ کاذبیحہ ضرورحلال ہے کوئی جاہل ساجاہل مسلمان بھی تعزیہ کو معبود نہیں جانتا، تعزیہ پرست کالفظ وہابیہ شرک پرست کی زیادتی ہے جس طرح تعظیم وتکریم مزارات طیبہ پرمسلمانوں کوقبرپرست کالقب دیتے ہیں، یہ سب اُن کاجہل وظلم ہے۔ و اللہ تعالٰی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔