یوم حسین کی پاک محفل میں زید ایک قطعہ پڑھا وہ یوں تھا ؎
محمد کی دلاروں پر صداقت ناز کرتی ہے
امامت ناز کرتی ہے نبوت ناز کرتی ہے
وفا قربان ہے ان پر عقیدت ناز کرتی ہے
یہی وہ شیر ہیں جن پر شجاعت ناز کرتی ہے
اس قطعہ میں جو دوسرا شعر ہے "امامت ناز کرتی ہے،نبوت ناز کرتی ہے"پڑھ سکتے ہیں یا نہیں ؟
بکر کا کہنا ہے کہ وہ صحیح نہیں ہے،وہ درست نہیں ہے،وہ غلط ہے اس شعر میں تکرار ہے ۔
حضرت امام حسین تو صرف آقائے دو جہاں سرور عالم صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کے نواسے ہیں،وہ تو صرف اولیا کا درجہ رکھتے ہیں،ان پر نبوت کا ناز کرنا یہ بات سراسر غلط ہے،درست نہیں ہے،بے ادبی ہے،کتاب اللہ تعالی،سنت نبویہ شریفہ اجماع اور سلف کے اقوال سے بیان فرمائیں ۔
"نبوت ناز کرتی ہے" سے مراد یہ ہے کہ نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم ان پر ناز کرتے ہیں ۔ جس طرح ہر لائق بیٹے پر باپ ناز کرتا ہے۔ اسی طریقے سے حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالى عنہ پر ناز کرنا بجا ہے۔ استقامت و ثبات ، رضا و تسلیم کا ایسا پیکر یقینا اس لائق ہے کہ ان کے بزرگ ان پر ناز کریں۔ ویسے اس جملے کو کہنا مناسب نہیں ، اس کا ایک پہلو خطر ناک بھی ہے کہ اس قطعہ میں جن جن اوصاف کے ناز کرنے کو کہا گیا وہ سب حضرت امام عالی مقام کی صفت بھی ہیں، مثلاً امامت، شجاعت ، ان کے پیش نظر اس قطعہ کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایسے امام ہیں جن پر امامت ناز کرتی ہے۔ اس کے مطابق اس مصرعہ کا مطلب یہ ہوگا کہ ایسے نبی ہیں جن پر نبوت ناز کرتی ہے، اور یہ معنی کفر مگر چوں کہ قائل مسلمان ہے ، اور مسلمان کے کلام کو اچھے محل پر محمول کرنا واجب، اس لیے یہ مستعبد ہے کہ اس نے یہ کفری معنی مراد لیا ہوگا۔ لیکن کسی لفظ میں محض معنی کفری کا ایہام اس کے منع کے لیے کافی ہے ۔ المعتمد المستند میں ہے: "مجرد الايهام كاف للمنع والتحريم." واللہ تعالیٰ اعلم ۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔