کیا فرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
حج یا عمرہ کے لئے یا اپنے کسی رشتہ دار کے یہاں جانے کے لئے بذریعہ ہوائی جہاز دو چار گھنٹوں کا سفر بغیر محرم کے کرنا عفّت مآب عورتوں کے لئے جائز ہے یا نہیں جبکہ ایک محرم یا شوہر نے اُسے ایک ائیر پورٹ کے اندر تک پہنچایا ۔ اور دوسرے ائیر پورٹ پر جہاز اترنے کے بعد اسے دوسرا محرم مل گیا۔ در آنحالیکہ راستہ میں امن وسکون اور جہاز میں حفاظت کا پورا انتظام ہے۔ اگر از روئے مذہب حنفی اس مسئلہ میں رخصت کی گنجائش ہو تو ایسی صورت نکالی جائے کہ عورتوں کا بغیر محرم کے دینی مفاد کے لئے سفر کرنا جائز و مباح ہو۔
الجواب هو المجيب الوهاب
مسافت سفر پر عورتوں کا بغیر محرم یا شوہر کے سفر کر کے تنہا جانا یا فاسق وفاجر محرم کے ساتھ جانا، یا نا بالغ محرموں کے ساتھ جانا یا بقول بعض عورتوں کی جماعت کے ساتھ جانا، یا بے نفس ساٹھ ستر سال کے متدین بزرگوں کے ساتھ جانا سب ناجائز و حرام نہایت بد انجام خلاف مذاہب اسلام ہے۔ اس مسئلہ کی وضاحت بعض فتاؤں کے علاوہ فقیر کا تب الحروف نے اپنی کتاب "حج کے مسائل" اور "احیاء مفسر اعظم "میں کر دی ہے من شاء فليرجع اليهما- یہاں ہوائی جہاز کے ذریعہ عورتوں کو بغیر محرم کے سفر کرنے میں جو مفاسد ہیں ان میں سے بعض مفاسد کی نشاندہی کی جاتی ہے تا کہ احادیث کریمیہ میں عورتوں سے متعلق وارد ممانعت کی عظیم حکمتیں ظاہر ہوں، هو الولى التوفيق
(1) شوہر یا محرم بیوی یا محرمہ کو سفر پر رخصت کرنے کے لئے ائیر پورٹ (ہوائی اڈہ) تک گیا سیکورٹی نے ائیر پورٹ کے گیٹ پر ٹکٹ دیکھا اور مسافر کو اندر جانے کی اجازت دی شوہر یا محرم وہاں سے واپس ہو گیا اب اندر کے تمام مرحلوں سے اسے بغیر محرم کے گزرنا پڑے گا، اور اجنبیوں کے ساتھ اس کا بات چیت کرنا ناگزیر ہوگا۔
(2)اور اگر فرض کرلیں کہ شوہر یا محرم اس کے ساتھ ائیر پورٹ کے اندر چلا گیا۔ جہاں اس نے سامان کی جانچ کے بعد اُسے بک کرا دیا ۔ سیٹ نمبر کنفرم ہو گیا ، گیٹ پاس بھی مل گیا تو کیا اب ایمی گیریشن والے اس شوہر یا محرم کو بغیر اسی وقت کے ٹکٹ اور گیٹ پاس و پاسپورٹ کے ویٹنگ روم کی طرف جانے کی اجازت دے دیں گے؟ اب تو وہ اجنبیوں کے درمیان تنہا رہ گئی۔
(3)فرض کیجئے امیگریشن والوں نے بھی اسے آگے جانے کی اجازت دے دی اور وہ ویٹنگ روم میں اپنی بیوی یا محرمہ کی عصمت کی حفاظت کرتا رہا اور کسی افتاد کی صورت میں وہ اس کا محافظ ثابت ہو سکتا تھا مگر کیا اب ویٹنگ روم سے جہاز میں بھی جانے کی اُسے اجازت مل جائے گی ؟ تو اب وہ عورت کس کی نگرانی میں جہاز کے اندر داخل ہو کر اپنے سیٹ تک پہنچی ؟
(4)یہ بھی فرض کیجئے کہ اسے جہاز میں شوہر نے پہنچا دیا وہ اطمینان سے سیٹ پر بیٹھ گئی اور شوہر واپس آگیا ، اب یہ کیا ضروری ہے کہ اس کے اغل بغل کی سیٹیں خالی جائیں یا خواہی نہ خواہی ان سیٹوں پر عورتیں ہی آئیں۔ لہذا مظنون ہے کہ وہ اجنبی مردوں کے پہلو بہ پہلو سفر کرے۔
(5)اگر یہ بھی فرض کیجئے کہ ان کے اغل بغل شریف عورتوں ہی کو بیٹھنے کی جگہ ملی تو بھی یہ کیا ضروری ہے کہ جو جہاز روانہ ہو چکا ہے وہ اپنی منزل پر پہنچ ہی جائے اور کسی ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے لوٹ بھی سکتا ہے اور بعض غیر مانوس مقامات پر اتر بھی سکتا ہے اس وقت کی پریشانیوں اور عصمت و عفت کی حفاظت کا اندازہ کرنا مشکل ہے۔
(6)چلئے مان لیجئے کہ حفظ و امان کے ساتھ مقرر ہوائی اڈہ تک جہاز پہنچ گیا، کوئی فضائی خرابی نہ ہونے یا حادثاتی روکاوٹ نہ ہونے کی وجہ سے جہاز خیریت کے ساتھ پہنچ گیا ۔ اب جو محرم اسے لینے کے لئے آنے والا تھا وہ کسی ناگہانی حادثہ کے سبب سے ائیر پورٹ نہیں پہنچ سکا۔ اس وقت اس کی کسمپرسی کا کیا حال ہو گا؟ اگر غور کیجئے تو اس طرح کی درجنوں حکمتیں سامنے آجائیں گی۔
عورتوں کے لئے محرم کے بغیر سفر کرنے کی ممانعت کی حکمتیں جان لینے کے بعد حضور پر نور عالم ما کان و ما یکون صلی اللہ تعالیٰ علیہ آلہ وسلم کی وسعت علم اور قرآن پاک کے تِبْیَانًا لِّكُلِّ شَیْءٍ کا اندازہ ویقین ہوتا ہے۔ لوگ حج اور اشاعت دین کا نام لیکر عورتوں کے سفر کی رخصت تلاش کرتے ہیں۔ مگر سید عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ایام حج ہی میں ممبر اقدس پر کھڑے ہو کر ارشاد فرمایا: لَا تُسَافِرُ امْرَأَةٌ إِلَّا مَعَ ذِي مَحْرَمٍ ترجمہ: کوئی عورت سفر نہ کرے مگر محرم کے ساتھ "(المصنف - ابن أبي شيبة - ت الحوت – أبو بكر بن أبي شيبة (٣ / ٣٨٦)
یہاں دنوں کی قید نہیں ہے بلکہ مطلقاً سفر سے منع فرما گیا ہے اور منع فرمانے میں جو حکمتیں ہیں ان میں سے بعض کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
سائل نے رخصت کی راہ نکالنے کی فہمائش کی ہے ۔ سائل کے اندر یہ جرأت اس لئے پیدا ہوئی کہ علماء کہلانے والے حضرات نے شریعت میں اس قدر پیوندکاریاں کی ہیں کہ عوام نے پیوند کاریوں کے مجموعہ کا نام شریعت سمجھ لیا ہے ورنہ یہ پڑھی لکھی عوام بھی جانتی ہے کہ منصوص مسائل تغیر و تبدیل کے اثرات قبول کرنے سے پاک ہیں وه زمان و مکان کے بدلنے سے نہیں بدلتے بلکہ زمان و مکان کے احوال کو بدل دیتے ہیں۔ الاسلام یعلوولا يعلى - والله تعالى اعلم
كتبہ عبد الواجد قادری غفر لہ
خادم الافتا ء جامعہ مدینۃ الاسلام
دی ہیگ نیدر لینڈ ۱۹۹۰/۷/۱۲ء
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔