کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں :
ایک مسجد کا امام لوگوں سے قرض حسنہ لیتا ہے اور واپسی کا وقت مقرر کر کے اس وقت قرض نہیں لوٹاتا ہے اور حیلہ و حوالہ کر کے ٹال دیتا ہے۔
(1) آیا وہ جھوٹ کا مرتکب ہوا یا نہیں؟
(۲) اس نے وعدہ خلافی کی یا نہیں؟
(۳) کیا ایسے پیش امام کے پیچھے پنج وقتہ نماز ، جمعہ اور عیدین جائز ہے یا نہیں؟
جواب مفصل مع حوالہ مرحمت فرما کر مشکور فرمائیں ۔ فقط
الجواب بعون الملك الوهـــاب
(۱، ۲، ۳) حدیث شریف ہے جو انسان کسی سے قرض لیتا ہے اور اس کی نیت ادا کرنے کی ہوتی ہے تو پروردگار عالم غیب سے اس کی ادائیگی کی راہ پیدا فرمادیتا ہے۔ اور جو شخص قرض اس نیت سے لیتا ہے کہ اسے ادا کرنا نہیں ہے تو اللہ تعالی اس پر روزی تنگ فرما دیتا ہے۔ حدیث کے الفاظ یہ ہیں : عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: " مَنْ أَخَذَ أَمْوَالَ النَّاسِ يُرِيدُ أَدَاءَهَا أَدَّى الله عَنْهُ، وَمَنْ أَخَذَ يُرِيدُ إِتْلَافَهَا أَتْلَفَهُ الله". (صحيح البخاري، كتاب الاستقراض، باب من أخذ أموال الناس يريد أداءها أو إتلافها، الحدیث : 2387) لہذا قرضدار کو چاہیے کہ بلا وجہ قرض ادا کرنے میں تاخیر نہ کرے۔ البتہ کسی مجبوری کی وجہ سے مال میسر نہیں جس کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہے تو وہ قابلِ عفو ہے۔ مسلم شریف کی حدیث ہے: حضرت ابوقتادہ سے مروی ہے: "قَالَ رَسُولَ الله صَلَّى الله عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " مَنْ سَرَّهُ أَنْ يُنْجِيَهُ الله مِنْ كُرَبِ يَوْمِ الْقِيَامَةِ، فَلْيُنَفِّسْ عَنْ مُعْسِرٍ، أَوْ يَضَعْ عَنْهُ ". (الصحيح المسلم، ج 3، ص 1196، باب فضل انظار المعسر، الحدیث 1563) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص خوشی چاہتا ہے کہ قیامت کی تکلیف سے نجات پائے تو اسے چاہیے کہ تنگدست ( قرضدار ) کو مہلت دے یا معاف کر دے۔ لہذا اگر امام صاحب مذکور مال رکھتے ہوئے خلاف وعدہ کرتے ہیں تو ضرور خلاف وعدہ کے مرتکب ہوئے۔ انہیں تو بہ کرنا چاہیے اور فوراً قرض ادا کرنا چاہیے، اگر وہ علانیہ طور پر خلاف وعدہ کرتے ہیں تو وہ فاسق معلن ہے اور فاسق معلن کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی ۔ البتہ ان سے بہتر امام اس شہر میں نہ ہو تو جمعہ عیدین ان کے پیچھے جائز ہے۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔