مسئلہ : از : عبدل بھائی عظیم بھائی
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
جو امام امانت میں خیانت کرے اور مدرسے کے نام پر چندہ کر کے جعلی رسید اس طرح بنائے کہ دس کی جگہ پانچ روپیہ قوم کو بتلائے ۔ اور اس کی یہ حرکت ظاہر ہو جانے پر صرف زبانی معافی مانگ کر خیانت کی ہوئی رقم واپس نہ دے اور قوم میں نا اتفاقی پیدا کرے اور ہر بد مذہب مولویوں سے میل ملاپ رکھے۔ سیرت کا نام لے کر جلسے کرائے سنی عوام کو دھوکا دے۔ لہذا برائے کرم قرآن وحدیث کی روشنی میں امام کی جملہ حرکتوں کا جائزہ لے کر حکم صادر فرمائیں کہ اس امام سے میل جول رکھنا کیسا ہے؟ کیا یہ امامت کے لائق ہیں یا نہیں؟ ان کے پیچھے یہ سب باتیں جاننے کے بعد نماز پڑھنا کیسا ہے؟ فقط بینوا وتوجروا
الجواب بعون الملك الوهـــــــــــــاب
امام مذکور کی خیانت اگر عام ہو چکی ہے تو اس کے لیے صرف زبانی لوگوں سے معافی مانگ لینا کافی نہیں بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ خیانت کی ہوئی رقم واپس کرے اور آئندہ خیانت کرنے سے تو بہ کرے مسلمانوں میں نا اتفاقی پیدا کرنا حرام اور گناہ کبیرہ ہے اسی طرح بدمذہبوں سے میل جول اور اس کی تقریر کرانا حرام اشد حرام ہے۔ قرآن پاک کا ارشاد ہے : فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرٰى مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ (الانعام : 68) معلوم ہو جانے کے بعد ظالم قوم کے پاس نہ بیٹھ۔ حدیث میں ہے: ایاکم و ایاهم لایضلونکم ولا یفتنونکم (صحیح مسلم ،جلد1،ص12،داراحیاء التراث العربی ،بیروت) ان سے دور رہو ان کو اپنے سے دور رکھو ایسا نہ ہو وہ تمہیں گمراہ کر دیں وہ تمہیں فتنے میں ڈال دیں۔ بہر حال امام مذکور اپنی ناشائستہ حرکتوں کی وجہ سے فاسق معلن ٹھہرے۔ جب تک خیانت کی ہوئی رقم واپس نہ کریں یا صاحب رقم سے معاف نہ کرائیں اور ان تمام مذموم حرکتوں سے تو بہ نہ کریں ان سے میل جول رکھنا نا جائز اور ان کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی ہوگی ۔ اور ان کو امام بنانا گناہ ۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
کتبہ: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور، ۲۱ جمادی الاولیٰ ۱۳۹۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔