محترم المقام جناب مفتی صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسائل ذیل میں :
زید حافظ قرآن ایک جگہ امامت کرتے تھے انہیں کچھ روپیوں کی ضرورت آن پڑی، ایک شخص سے روپئے طلب کیے، روپئے نہ ہونے کی وجہ سے اس شخص نے ڈیڑھ تولہ سونے کا زیور دے کر کہا کہ اس کو گروی رکھ کر آپ اپنی ضرورت پوری کر لیں۔ زید اس زیور کو گروی نہ رکھتے ہوئے فروخت کر کے یہاں چلا آتا ہے۔ اتفاقاً جن کا زیور تھا وہ بھی یہاں آجاتے ہیں ان کی زبانی لوگوں کو معلوم ہوا کہ زید خائن ہے، اور زیور کو بیچے ہوئے آج تین سال کا عرصہ ہوا۔ اسی طرح کئی لوگوں کے پیسے لے کر کھا گئے ہیں ۔ جو لوگ اعتراض کرتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ایسے شخص کے پیچھے نماز پڑھنا جائز نہیں جو خائن ہوا اور امانت میں خیانت کرے۔ یہاں کی جماعت کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمیں زید کے اعمال نہیں دیکھنا ہے ہمیں تو نماز پڑھنی ہے۔ اب آپ ہی فیصلہ فرما دیں کہ ایسا شخص جو امانت میں خیانت کرے اور خائن ہو اس کے پیچھے نماز پڑھنا کیسا ہے؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
اگر زید کی خیانت عام ہو چکی ہے تو وہ فاسق معلن ہے اور فاسق معلن کے پیچھے نماز مکروہِ تحریمی اور اس کی اقتداء میں پڑھی گئی نماز کا دوبارہ لوٹانا واجب ہے۔ جماعت والوں کا یہ کہنا کہ ہمیں زید کے اعمال نہیں دیکھنا ہے ہمیں تو نماز پڑھنی ہے غلط ہے اور لوگوں کی نماز خراب کرنے کے ذمہ دار ہیں ۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔