غوث صمدانی (رضی اللہ عنہ) نے تہتر (73) فرقے لکھے ہیں، ان میں سے بہتر (72) کو تو گمراہ لکھا ہے، اور صرف ایک کو صراط مستقیم پر لکھا ہے، اور وہ اہلسنت و جماعت سے بہتر (72) گمراہ فرقوں میں سے ایک فرقہ مرجیہ لکھتے ہیں، اور اس کے تیرہ اقسام یا شاخیں کہے ہیں، ان میں سے ننانوے قسم حنفیہ کو لکھا ہے، اور فرماتے ہیں، یہ فرقہ ابو حنیفہ نعمان بن ثابت کا پیرو ہے، آگے چل کر جہاں بہتر (72) گروہ کو ختم کرتے ہیں، تو فرماتے ہیں کہ تمام فرقے گمراہ ہیں، خدا ہمیں ان سے بچائے اور اہلسنت و جماعت میں رکھے، لیکن اب یہاں تذبذب ہے، آیا امام اعظم رحمۃ اللہ علیہ گمراہ تھے؟ آیا امام اعظم ان کو جماعت نے کہا یا اپنے آپ یہ لقب اختیار کیا؟ آیا امام اعظم اہلسنت و جماعت سے نہیں تھے؟ آیا امام اعظم ناقص فقہ کے حامل تھے؟ آیا اس زمانہ میں کوئی اور بھی نعمان بن ثابت تھے، اور اگر تھے تو سب کو ابو حنیفہ کہا جاتا تھا اور وہ سب کے سب امام تھے؟ آیا جو بھی امام اعظم کے رستے پر چلے گمراہ ہے؟ آیا غوث صمدانی نے اجتہاد میں غلطی کھائی ہے؟ آیا غوث پاک کا ہر فعل ہمارے لئے حجت ہے؟ مشائخِ طریقت زیادہ کس امام کے پیرو تھے؟
خصوصاً خواجہ اجمیری، خواجہ بہاؤ الدین نقشبندی اور دیگر اولی العزم اصفیاء اولیاء رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین؛ چونکہ شیخ شہاب الدین سہروردی شافعی ہیں، اس لیے ان کا نام نہیں لکھا۔ امام اعظم کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی پیشگوئی کی ہے؟ کسی حدیث سے ثابت ہے؟ بینوا توجروا۔
غوث صمدانی محبوب سبحانی سیدنا غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ "غنیۃ الطالبین" میں ایک جگہ گمراہ فرقوں کا ذکر کیا، اور فرمایا: "الحنفیہ"۔ آگے چل کر جب آپ نے ان فرقوں کی تفصیل کی تو فرمایا: "اما الحفية فهم بعض اصحاب ابي حنيفة نعمان بن ثابت" (غنیۃ الطالبین، از نولکشور لاہور، صفحہ 164)
یعنی فرقہ حنفیہ، بعض اصحاب ابی حنیفہ ہیں۔ اس عبارت سے روزِ روشن کی طرح واضح ہے کہ نہ امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ گمراہ تھے، اور نہ ہی وہ جو صحیح طور پر ان کی اتباع و پیروی کریں؛ بلکہ اس سے مراد وہ لوگ ہیں جو اپنے آپ کو عمل کے اعتبار سے حنفی ظاہر کرتے تھے، اور ان کے عقائد امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے خلاف تھے، جیسا کہ معتزلہ گمراہوں کا ایک فرقہ ہے جو عمل فقہ حنفی پر کرتا ہے، اور ان کے عقائد گمراہی کے ہیں۔
مثلاً:
شفاعت کے وہ منکر ہیں۔
ثوابِ قبر و عذابِ قبر کے وہ قائل نہیں۔
اور آخرت میں اللہ تعالیٰ کی رویت و دیدار کے وہ منکر ہیں۔
تو یہ لوگ اس وجہ سے حنفی ہیں کہ عمل میں فقہ حنفی کے تابع ہیں، اگرچہ ان کے عقائد امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عقائد کے مخالف ہیں۔
اور اس زمانہ میں دیوبندی فقہ حنفی پر چلتے ہیں، مگر ان کے عقیدے انبیاء و مرسلین علیہم الصلوٰۃ والسلام کی شانِ رفیع میں گستاخیاں و بے ادبیاں کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ کے لیے ظلم، کذب اور سفہ ممکن مانتے ہیں، وغیرہ وغیرہ۔
اسی طرح مرجیہ بھی گمراہوں کا ایک فرقہ ہے، جس کی چند شاخیں ہیں، ان میں سے ایک گروہ فقہ حنفی کے تابع ہے۔ مثلاً آجکل کے غیر مقلد وہابی اپنے آپ کو اہلحدیث کہلاتے ہیں، جو بظاہر حدیث پر عمل کے مدعی ہیں، مگر عقیدے ان کے گمراہی و بے دینی کے ہیں۔
بلا تشبیہ یوں سمجھ لیجئے کہ سرکارِ دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ اقدس میں منافقین لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ پڑھتے تھے، اور مسلمان کہلاتے تھے، اور اس پر قسمیں بھی کھاتے تھے؛ مگر وہ نام کے مسلمان منافق بڑے غدار تھے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو سچے طور پر نہیں مانتے تھے
بلا تشبیہ جو فرقہ عمل میں حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فقہ کو مانتا ہے، اور عقائد اہلسنت کو نہیں مانتا، ایسا فرقہ نام کا حنفی تو ضرور ہے، مگر غدار و مکار ہے۔ اگر وہ سچے طریقہ سے امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو مانتا، امام اعظم کے عقائد حقہ و عقائد اہلسنت کو مانتا، جیساکہ معتزلہ نام کے حنفی ہیں اور غدار ہیں، اور دیوبندی نام کے حنفی اور غدار ہیں، اور غیر مقلد نام کے اہل حدیث اور غدار ہیں؛ اسی طرح مرجیہ کا ایک فرقہ نام کا حنفی ہے، مگر غدار، بدنام کنندہ و مکار ہے۔
ان غداروں کی غداری کی وجہ سے نہ تو امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شانِ جلالت و اجتہاد میں کوئی فرق آتا ہے، اور نہ ہی وہ حنفی اہلسنت جو حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے عقائد کے متبع ہیں اور فقہ حنفی پر عامل ہیں، ان پر کوئی اعتراض آتا ہے۔
جیساکہ نجد سے نکلنے والے وہابی کہ اپنی نسبت امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی طرف کرتے ہیں، اور اپنے آپ کو حنبلی کہلاتے ہیں، مگر حقیقت میں غدار و وہابی گمراہ بددین ہیں؛ مگر ان کی گمراہی و بددینی کی وجہ سے حضور امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دامنِ علم و اجتہاد میں کوئی دھبہ نہیں آتا۔
جس طرح ان نام کے حنبلیوں، نجدیوں، وہابیوں کی گمراہی کی وجہ سے حضور امام احمد رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شان میں اعتراض نہیں آتا، اسی طرح مرجیہ کے گروہ نام کے حنفیوں غداروں کی وجہ سے حضور امام الائمہ سراج الامہ کاشف الغمہ امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ پر اعتراض لازم نہیں آتا۔
اعتراض اس وقت آتا جب امام اعظم علیہ الرحمہ کی شان مجتہدوں کی شان میں امتیازی شان نہ ہوتی۔ حضور امام شافعی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ارشاد ہے کہ "سب لوگ فقہ میں امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اولاد ہیں"۔ اعلم علمائے مدینہ امام مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فضیلت بیان فرمائی۔
حضور سرکار غوث اعظم محبوب سبحانی قطب ربانی شہباز لامکانی سید محی الدین عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے "غنیۃ الطالبین" میں امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فضیلت بیان فرمائی اور آپ کو فقہائے کرام مجتہدین عظام علیہم الرضوان کی جماعت میں شمار کیا، اور آپ کو امام اعظم کا لقب دیا۔
مقامِ غور ہے کہ غنیۃ الطالبین میں تو اور اماموں مجتہدوں کو تو امام فرمایا اور سیدنا امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو امام اعظم فرمایا۔ سبحان اللہ! حضرت غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو کیسے القاب و آداب سے یاد فرمایا! غنیۃ الطالبین کے باب امر بالمعروف نہی عن المنکر میں فرمایا:
"اما اذا كان اشي مما اختلف الفقهاء فيه وساتح فيه اجتهاد كشرب الماء النبیذ، وتزوج امرأة بلاولى على ما عرف من مذهبه، لم يكن مما هو على مذهب امام لا حمد والشافعی" (الافكار علیہ، صفحہ 96 دیکھیے، اور نظرِ انصاف سے دیکھیے)۔
حضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ حنفی اور شافعی مذہب والوں کو ہدایت فرما رہے ہیں کہ جس اجتہادی مسئلہ میں امام اعظم کا مقلد امام اعظم کی فقہ پر عمل کرتا ہے، دوسرے اماموں کے مقلدوں کو کوئی حق نہیں پہنچتا کہ حنفی پر اعتراض کرے۔ غنیۃ الطالبین کی اس عبارت سے وہابیہ زمانہ کا ردِ بلیغ ہو رہا ہے۔ غنیۃ الطالبین کا اعلان ہے کہ اے مذہبِ حنفی پر نکتہ چینی کرنے والو اور انکار کرنے والو! اپنا انکار و اعتراض چھوڑ دو اور اختلافی مسائل میں امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تحقیق پر اور ان کے قولِ مختار پر ان کے مقلدوں کو عمل کرنے دو۔
غیر مقلدین وہابیہ سیدھے سادھے بھولے بھالے حنفیوں کو بہکاتے اور ورغلاتے ہیں اور غنیۃ الطالبین کی عبارتوں کے غلط مطلب بتا کر اہلسنت کو پریشان کرتے ہیں۔ اے سنیو! حنفیو! تم ہوشیار ہو جاؤ، اور وہابیوں کے مکر و فریب کے جال میں نہ پھنسو۔ یہ وہابی تم کو راہِ حق سے پھیرنے کی کوشش میں رات دن لگے ہوئے ہیں۔ تم ان کی نہ سنو، یہ ابھی تھوڑے ہی زمانہ میں نیا گمراہ فرقہ پیدا ہوا ہے۔ تم ان گمراہوں سے بچو اور اپنے اہلسنت کے طریقہ پر قائم رہو۔ سینکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں اولیاء کاملین حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دامن سے وابستہ رہے ہیں، اور عوام تو بیشمار ہیں جو امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سایہ میں ہیں۔
سیدنا امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ اماموں کے امام، مجتہدوں کے استاد اور اولیاء کے پیشوا اہلسنت کے چشم و چراغ ہیں۔ امت نے آپ کو امام اعظم کا لقب دیا۔ غنیۃ الطالبین میں حضرت سیدنا غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تعداد کے بارے میں جو فصل ہے، اس میں فرمایا: "وھو مذہب الامام الاعظم ابي حنیفة رضى الله تعالى عنھ".
حضور سیدنا امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ اہلسنت و جماعت تھے، بلکہ اہلسنت و جماعت میں بہت بڑی شخصیت رکھتے ہیں، اہلسنت کے رکنِ اعظم ہیں، آپ کامل فقہ کے حامل تھے، مجتہدِ مطلق تھے۔ واللہ تعالیٰ و رسولُہ الاعلیٰ و أعلم.
حضور سیدنا امام اعظم کے رستے پر چلنے والا حق پر چلنے والا ہے، اس لیے کہ امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ اہل حق سے ہیں، اور اہل حق کے رستہ پر چلنے والا گمراہ نہیں ہوتا۔ حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے زمانہ میں یا بعد کسی کا نام نعمان بن ثابت ہو بھی تو ہمیں اس وقت اس سے بحث نہیں۔ واللہ تعالیٰ اعلم
حضور سیدنا محبوب سبحانی قطب ربانی غوث اعظم جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے غنیۃ الطالبین میں ٹھیک فرمایا ہے، مگر سمجھنے والے نے غلطی کھائی ہے۔ حضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے امام اعظم و دیگر مجتہدین کرام و فقہاء عظام کے فضائل اور ان کے مسائل کی پابندی کا ذکر غنیۃ الطالبین میں فرمایا۔ مگر ایک عرصہ سے وہابی غیر مقلد جہالت کی وجہ سے حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے خلاف غلط پروپیگنڈا کرتے ہیں، جن جاہلوں کو اردو عبارت سمجھنے کی تمیز نہیں وہ امام المجتہدین کی شان میں نکتہ چینی کرتے ہیں، واللہ تعالیٰ و رسولُہ الاعلیٰ و أعلم.
حضور سیدنا غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ولیوں کے ولی، قطبوں کے قطب، غوثوں کے غوث، پیروں کے پیر دستگیر، علمائے شریعت و مشائخ طریقت کے پیشوا ہیں، اور حضور امام احمد بن حنبل رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے طریقہ پر چلنے والے (حنبلی) مسلک پر تھے۔ ہمارے نزدیک غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ حق پر تھے اور شریعت کے مطابق پابندی فرماتے تھے۔ آپ کا لقب محی الدین تھا (یعنی دین کو زندہ فرمانے والے)۔
لہٰذا آپ کے اقوال و افعال آپ کے مرتبہ کے مطابق بلا تشبیہ حجت ہیں۔ اگر کسی وہابی میں دم ہے ذرا وہ بتائے کہ حضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا فلاں فعل یا قول خلافِ شریعت تھا، تو پھر ہم انشاء اللہ العزیز بفضلہ تعالیٰ ضرور ثابت کریں گے کہ آپ کا یہ قول و فعل شریعت و طریقت کے مطابق و موافق ہے۔
چاروں اماموں کی فقہ شریعت کے مطابق ہے، لہٰذا جو شخص چاروں اماموں میں سے کسی ایک امام کی تقلید کرتا ہے، اور اہلسنت کے عقیدوں پر قائم ہے، تو وہ بلا شبہ حق پر ہے۔ اس لیے غوث پاک بھی اتنے بڑے مرتبہ کے عالم و عارف، قطبوں کے قطب، طریقت و شریعت کے جامع ہو کر شریعت کے مطابق عمل فرما رہے ہیں۔ اور آجکل کے ایرے غیرے نتھو خیرے غیر مقلد نرے جاہل اماموں کی شان میں بے ادبیاں اور تقلید کے متعلق نکتہ چینیاں کرتے ہیں، واللہ تعالیٰ و رسولُہ الاعلیٰ و أعلم
حضور خواجہ صاحب اجمیری، خواجہ بہاؤ الدین صاحب نقشبندی، محبوب الہی نظام الدین اولیاء، خواجہ قطب الدین بختیار کاکی، فرید الدین گنج شکر، مخدوم علی کلیری صابر صاحب (قدس سرھم) ہی نہیں، بلکہ ہزاروں مشائخ طریقت امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پیروکار ہیں۔ واللہ تعالیٰ و رسولُہ الاعلیٰ و أعلم
خاتمۃ الحفاظ علامہ جلال الدین سیوطی رحمۃ اللہ علیہ نے "تبییض الصحیفہ فی مناقب ابی حنیفہ" میں فرمایا:
"میں کہتا ہوں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے متعلق یقیناً اس حدیث میں بشارت دی جو چند صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم سے مروی ہے، جس کی تخریج محدث ابو نعیم نے حلیہ میں کی:"
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «لَوْ كَانَ الْعِلْمُ بِالثُّرَيَّا لَتَنَاوَلَهُ رِجَالٌ مِنْ أَبْنَاءِ فَارِسَ»
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا: "اگر علم ثریا تک پہنچ جائے تو فارس والوں میں سے چند مرد اسے ضرور حاصل کر لیں گے۔"
اس کی مثل "الغابہ" میں قیس ابن سعد ابن عبادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے۔ ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی حدیث کی اصل بخاری و مسلم میں ہے، جس کے لفظ یہ ہیں: (لو کان العلم عند الثریا لتناولہ رجال من أبناء فارس)۔ یعنی علم اگر ثریا تک پہنچ جائے گا تو اسے فارس کے چند مرد حاصل کر لیں گے۔
اس کی مثال طبرانی میں حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے، اور علامہ ابن حجر مکی نے کتاب "خیرات الحسان" مطبوعہ مصر میں ایک روایت حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے مناقب میں یوں نقل کی ہے کہ حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ 150ھ میں زینت اٹھا لی جائے گی، اس زینت سے مراد فقہ کی زینت ہے، اور ٹھیک ایک سو پچاس (150) ہجری میں حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا وصال ہوا۔
حضرت علامہ جلال الدین سیوطی قدس سرہ شافعی ہیں، اور علامہ ابن حجر قدس سرہ بھی شافعی ہیں۔ حنفیہ تو حنفیہ، محدثین و محققین شافعیہ بھی حضور امام اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے فضائل و مناقب اپنی اپنی تقریروں میں، تحریروں میں، رسالوں میں بیان کرتے ہیں۔ والحمد للہ! یہ اللہ تعالیٰ کی دین ہے جس کو چاہے دے، ایں سعادت بزور بازو نیست۔
آجکل کے وہابیہ صرف اپنی جہالت اور بے انصافی کی وجہ سے آپ کی شان میں نکتہ چینی کرتے ہیں، خدا عزوجل ان کو ہدایت دے۔
واللہ تعالیٰ و رسولُہ الاعلیٰ و أعلم و بالحق والصواب
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔