مسئله : از : متولی و وزیر مسجد جام نگر
جناب مفتی صاحب کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
(1) کسی شہر کی بڑی مسجد جس میں نمازیوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے مائیک ( لاؤڈ اسپیکر ) لگایا گیا اور امام صاحب کو سب لوگ دیکھ سکتے ہیں اور پہچان بھی سکتے ہیں۔ ایسی نماز جائز ہے یا نہیں؟
(2) امام صاحب جماعت کو نماز اس طرح پڑھائیں جس میں قرأت ، رکوع اور سجدے کی تسبیحات کی آواز بذریعہ لاؤڈ اسپیکر سنائی دیتی ہو تو اس طرح کی نماز ہو سکتی ہے یا نہیں؟ اوپر کے سوالوں کے جوابات از راہ کرم ارسال فرما کر مشکور فرمائیں ۔ فقط
الجواب بعون الملك الوهــــــــــاب
(1) لاؤڈاسپیکر سے امام کی اپنی نماز ہو جائے گی ان مقتدیوں کی نہ ہوگی جو لاؤڈ اسپیکر کی آواز پر رکوع سجود کریں گے۔
(2) لاؤڈ اسپیکر نہ مکبر ہے جس کی آواز پر رکوع و سجود کیے جائیں اور نہ امام جس کی اقتدا کی جائے ، بلکہ لاؤڈ اسپیکر کی آواز صدائے بازگشت ہے جو جنگلوں اور پہاڑوں وغیر ہما سے از خود یا کسی آواز دینے والے کی آواز پر جوابا آتی ہے۔ فقہائے کرام نے صدائے بازگشت کا اعتبار نہیں کیا ہے۔ مراقی الفلاح وغیرہ میں ہے: ولا تجب بسماعها من الصدى، وهو ما يجيب مثل صوتك في الجبال والصحاري ونحوه (مراقي الفلاح شرح متن نور الإيضاح، ج 1، ص 186، کتاب الصلاة، باب سجود التلاوة) طحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے: الصوت الذي يسمعه المصوت عقب صياحه راجعا إليه من جبل أو بناء مرتفع فإنه لا إجابة في الصدى وإنما هو محاكاة( حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح، ج 1، ص 486، کتاب الصلاة، باب سجود التلاوة، دار الكتب العلمية بيروت) یعنی اگر پہاڑوں یا جنگلوں سے آیت سجدہ کی آواز آئے تو اس آواز پر سجدہ تلاوت واجب نہیں ۔ چوں کہ نہ اس میں اہلیت ہے نہ بعینہ تالی کی آواز ہے بلکہ یہ حکایت ہے۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
کتبہ: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور، ۵ شعبان المعظم ۱۳۹۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔