زید جو حافظ اور عالمانہ تعلیم بھی غالباً حاصل کر ہا ہے جب کسی کے یہاں فاتحہ کرنے جاتا ہے تو پہلے حاضر شیرینی میں سے کچھ کھا لیتا ہے۔ پھر فاتحہ کرنا شروع کرتا ہے۔ زید کے اس فعل پر عمرو نے اعتراض کیا کہ یہ طریقہ علماء و صوفیاء کرام سے کہیں دیکھا نہیں گیا نہ سنا گیا ہے اور نہ ہی کسی کتاب میں پڑھنے کو ملا۔ اس پر زید نے کہا کہ کیا کھانا یعنی شیرینی جو ٹھی ہوگئی ایسا تو میرے استاذ گرامی بھی کرتے ہیں۔
جواب طلب امر یہ ہے کہ ایسا کرنا جائز ہے یا نہیں؟ اور اگر جائز ہے تو اس کے ثبوت میں کہیں پر کوئی عبارت موجود ہے تو نقل فرمائیں اور اگر ایسا فعل نا جائز ومکروہ ہے تو بھی ارشاد فرمائیں نیز زید کو اس فعل سے روکا جائے یا نہیں؟
المستفتى : علاء الدين، مقام و پوسٹ، اوجھا گنج ضلع بستی (یوپی)
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم
ملک غیر میں بغیر اجازت تصرف جائز نہیں۔ لہذا اگر زید فاتحہ سے پہلے یا بعد میں بغیر مالک کی اجازت کے کھا لیتا ہے تو یہ اس کے لئے جائز نہیں۔ اور اگر مالک کی اجازت سے کھاتا ہے (اجازت خواہ صراحت ہو یا دلالۃً ) تو کوئی حرج نہیں۔ رہی بات فاتحہ سے پہلے کھانے کی تو یہ نہ ہونا چاہئے کہ فاتحہ میں شیرینی وغیرہ کا ثواب حضور سید عالم اور انبیاء ورسل علیہم الصلوۃ والسلام نیز اولیائے کرام رضی اللہ تعالی عنہم کی بارگاہ میں پہلے نذر کیا جاتا ہے پھر عامۂ مؤمنین و مومنات کو ایصال ثواب کیا جاتا ہے اور جو ٹھے کھانے وشیرینی کے ثواب کی نذر محبوبان بارگاہ کے ادب اور ان کی عظمت شان کے مناسب نہیں، پھر فاتحہ سے پہلے کھانا حرص کا بھی مشعر ہے۔ اس لئے زید ہرگز ایسا نہ کرے، وہ اپنی اس عادت سے باز آئے بعد فاتحہ مالک کی اجازت سے کھا سکتا ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔
الجواب صحیح: محمد نظام الدین رضوی برکاتی
الجواب صحیح : محمد ابرار احمد امجدی برکاتی
كتبه : زبیر احمد مصباحی
۲۹ /ذی الحجہ ۱۴۲۹ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔