کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ میں میں نے اکثر مزاروں پر دیکھا کہ لوگ اپنے پیر کے مزار کا طواف کرتے ہیں اور مزار کی چوکھٹ کو چومتے ہیں اپنی آنکھوں سے لگاتے ہیں اور الٹے پاؤں واپس آتے ہیں، کیا شریعت نے ایسی اجازت دی ہے آسان اردو میں جواب عنایت فرمائیں۔
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم
مزار کا طواف صرف تعظیم کی نیت سے نا جائز ہے کہ تعظیم بالطواف صرف خانہ کعبہ کے ساتھ خاص ہے، مزار کو بوسہ نہ دینا چاہیے اس میں علماء کرام مختلف ہیں اور بچنا بہتر ہے کہ اس میں ادب زیادہ ہے چوکھٹ چومنے میں حرج نہیں اور آنکھوں سے لگانا بھی جائز کہ اس سے شرع مطہر میں ممانعت نہیں آئی اور جس چیز کو شرع شریف نے منع نہ فرمایا منع نہیں ہو سکتی،"قال الله تعالى: اِنِ الْحُكْمُ اِلَّا لِلّٰهِ"اور ہاتھ باندھے الٹے پاؤں واپس آنا ایک طرز ادب ہے اور جس ادب سے شریعت مطہرہ نے منع نہ فرمایا اس میں حرج نہیں۔ ہاں اگر اس میں اپنی یا دوسرے کی ایذا یعنی تکلیف کا اندیشہ ہو تو اس سے بچنا چاہئے۔ کذا قال الامام احمد رضا خان عليه رحمة المنان فى الجزء الرابع من الفتاوى الرضوية فى ص ۸۔ واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔