کیا فرماتے ہیں مفتیان دین وملت اس مسئلہ میں کہ آج کل حجاز مقدس میں ایک ادارہ قائم ہے جس کے ذریعہ حجاج کرام کو ترغیب دلائی جاتی ہے کہ وہ اسلامی ڈیولپمنٹ بینک میں قربانی کی رقم جمع کروا کر ٹوکن حاصل کریں اور اس ادارہ کو اپنی قربانی کا اختیار دے دیں۔ تو کیا اس ادارہ کے ذریعہ سے قربانی کروانا جائز ہے؟ حکم شرع سے آگاہ فرمائیں ۔ بینوا توجروا۔
المستفتى : محمد یونس رضوی سکریٹری دار العلوم ناسک
"ڈیولپمنٹ بینک" میں قربانی کی رقم جمع کرنا اور قربانی کا اختیار د ینا ناجائز ہے۔ کیونکہ سعودی حکومت فی الواقع وہابی حکومت ہے۔ ان کا مذہب یہ ہے کہ رمیٔ جمار قربانی اور حلق میں ترتیب واجب نہیں، خلاف ترتیب حلق ، پھر قربانی، پھر رمی جائز ہے ۔ اور وہابی اس پر سختی کے ساتھ عمل بھی کرتے ہیں اور دوسروں کو بھی اس کے عمل کی ترغیب دیتے ہیں۔ یہ نہایت نا خدا ترس اور دینی امور میں بیباک ہوتے ہیں۔ اس لئے ظاہر یہی ہے کہ قربانی میں ترتیب کا لحاظ نہیں کرتے بلکہ اس کا بھی احتمال ہے کہ قربانی ہی نہیں کرتے اور اس صورت میں بہر حال حاجی پر دم واجب ہوتا ہے مگر حاجی دم ادانہیں کرتا۔ جس کے باعث وہ گنہگار بھی ہوتا ہے اور حج بھی پورا نہیں ہوتا اس لئے اس طرح کے بینکوں میں قربانی کی رقم ہرگز ہرگز جمع نہ کریں۔
درمختار میں ہے:
(والترتيب الآتي) بيانه (بين الرمي والحلق والذبح يوم النحر) وأما الترتيب بين الطواف وبين الرمي والحلق فسنة، فلو طاف قبل الرمي والحلق لا شئ عليه،— (الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي (١٥٧)
ردالمحتار میں ہے:
قَالَ هُنَاكَ: يَجِبُ فِي يَوْمِ النَّحْرِ أَرْبَعَةُ أَشْيَاءَ: الرَّمْيُ، ثُمَّ الذَّبْحُ لِغَيْرِ الْمُفْرِدِ، ثُمَّ الْحَلْقُ، ثُمَّ الطَّوَافُ لَكِنْ لَا شَيْءَ عَلَى مَنْ طَافَ قَبْلَ الرَّمْيِ وَالْحَلْقِ ۔ وَالْحَاصِلُ أَنَّ الطَّوَافَ لَا يَجِبُ تَرْتِيبُهُ عَلَى شَيْءٍ مِنْ الثَّلَاثَةِ وَلِذَا لَمْ يَذْكُرْهُ هُنَا وَإِنَّمَا يَجِبُ تَرْتِيبُ الثَّلَاثَةِ الرَّمْيُ ثُمَّ الذَّبْحُ ثُمَّ الْحَلْقُ لَكِنَّ الْمُفْرِدَ لَا ذَبْحَ عَلَيْهِ فَبَقِيَ عَلَيْهِ التَّرْتِيبُ بَيْنَ الرَّمْيِ وَالْحَلْقِ.ملخصاً— (حاشية ابن عابدين = رد المحتار ط الحلبي – ابن عابدين (٢ / ٤٧٠)
دوسرے یہ کہ اب قربانی کے جانور مشین سے ذبح ہوتے ہیں اور مشین کے ذریعہ جو جانور ذبح ہوتے ہیں وہ چاروں مذاہب ( حنفی، مالکی، شافعی حنبلی) میں حرام ہیں ان کا حکم شرعاً وہی ہے جو مردار کا ہے کیونکہ جانور کے حلال ہونے کے لئے بالا تفاق یہ شرط ہے کہ ذابح صاحبِ عقل و شعور ہو نیز مسلم یا کتابی ہو حالانکہ مشینی نظام ذبح میں ذابح کوئی صاحبِ عقل و شعور یا کتاب نہیں ہوتا بلکہ محض بجلی ہوتی ہے جو یقیناً ان تمام اوصاف سے خالی ہے جس کی پوری تفصیل مشینی ذبیحہ میں موجود ہے ۔ لہٰذا حجاج کرام جانور خرید کر از خود قربانی کریں۔ واللہ تعالی اعلم ۔
الجواب صحیح : محمد نظام الدین رضوی برکاتی
الجواب صحیح : محمد ابرار احمد امجدی، برکاتی
كتبه : محمد صدیق عالم قادری منظری
۱۳ /ربیع النور ۱۴۲۶ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔