مسئلہ کیا فرماتے ہیں مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں۔۔۔۔
حاجی طوافِ زیارت میں رمل کرے گا یا نہیں؟ اگر کرے گا تو احرام کے ساتھ یا بغیر احرام کے؟
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: قارن ومفرد طواف قدوم میں اور متمتع بعد احرام حج کسی طواف نفل میں حج کے رمل وسعی دونوں خواہ صرف سعی کرچکے ہوں تو اس طواف میں رمل وسعی کچھ نہ کریں اور اگر اس میں رمل وسعی کچھ نہ کیا ہو یا صرف رمل کیا ہو یا جس طواف میں کئے تھے وہ عمرہ کاتھا جیسے قارن ومتمتع کا پہلا طواف یا وہ طواف بے طہارت کیا تھا توان چاروں صورتوں میں رمل وسعی دونوں اس طواف فرض میں کریں ۔ (فتاوی رضویہ میں، ج ۴، ص ۷۱۲)
رہا یہ کہ احرام کے ساتھ کرے یا بغیر احرام کے تو سنت یہی ہے کہ بلا احرام ہو اس لیے کہ طواف زیارت کا رمی و حلق کے بعد ہونا سنت ہے اور حلق سے حاجی احرام سے باہر ہو جاتا ہے اور اگر طواف کو حلق وغیرہ پر مقدم کیا تو اس صورت میں احرام کے ساتھ ہوگا کہ ابھی احرام سے باہر نہیں ہوا ہے۔
درمختار واجبات حج میں ہے:
(بين الرمي والحلق والذبح يوم النحر) وأما الترتيب بين الطواف وبين الرمي والحلق فسنة، فلو طاف قبل الرمي والحلق لا شئ عليه، ويكره.لباب.( الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي (١٥٧)
واللہ تعالیٰ اعلم
الجواب صحیح: محمد نظام الدین رضوی برکاتی
الجواب صحیح : محمد ابرار احمد امجدی برکاتی
كتبه : فیض محمد قادری مصباحی امجدی
۱۰ ربیع النور ۱۴۲۸
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔