محترم مفتی صاحب ! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ برائے مہربانی نیچے لکھی ہوئی باتوں کا مفصل جواب دینے کی تکلیف گوارہ کریں۔
(۱) کیا نامرد امام کے پیچھے نماز پڑھنا جائز ہے یا اس میں کسی قسم کی کمی ہوتی ہے؟ جب کہ مقتدی کو پہلے سے علم ہو کہ امام نامرد ہے۔
(۲) کیا گاؤں کا تعلیم یافتہ طبقہ اس بات کے لیے ضد کر سکتا ہے کہ یا تو امام صاحب ڈاکٹری معائنہ کے لیے تیار ہوں یا اپنی ذمہ داری اور کسی کے سپرد کر دیں اگر اس کے ٹھوس ثبوت ہوں تو عوام تک یہ بات پہنچائی جائے یا نہیں؟
(۳) اکثر لوگ اس مسجد میں جانے سے گریز کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ عہدے داران مسجد کمیٹی اس بات کو جاننے کے با وجود امام صاحب کو علیحدہ نہیں کرتے اس وجہ سے وہ بھی گناہ گار ہیں، تو کیا عہدے دار اس وجہ سے استعفاء دے سکتا ہے؟
(۴) جب بھی نماز کے لیے جاتے ہیں امام صاحب کو دیکھنے کے بعد اس چیز کا خیال آتا ہے اور ہچکچاہٹ محسوس ہوتی ہے، تو کیا دوسری مسجد میں جا کر نماز ادا کریں؟ براہ کرم جلد سے جلد جواب دینے کی تکلیف گوارہ کریں عین نوازش ہوگی ۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
(۱) نامرد امام کے پیچھے نماز پڑھنے میں شرعاً کوئی قباحت نہیں جب کہ اس میں اور شرائط امامت پائے جاتے ہوں ۔
(۲) جب نامرد امام کے پیچھے نماز مطلقاً جائز ہے تو نہ ڈاکٹری معائنہ کا سوال پیدا ہوتا ہے نہ تعلیم یافتہ طبقہ کو اس پر مجبور کرنے کا حق ہے۔
(۳) بلا وجہ شرعی امام صاحب مذکور کو معزول کرنا جائز نہیں اور نہ ہی اتنی سی بات پر عہدے داران مسجد کمیٹی کو علیحدہ کرنے کا حق ہے۔ محض نامردی کے سبب امام مذکور کو معزول نہ کرنے کی وجہ سے نہ اراکین کمیٹی استعفا دینے کے مستحق ہیں نہ گنہگار ۔
(۴) اگر امام مذکور سے بہتر وہاں کوئی نہیں تو امامت کے زیادہ حق دار وہی ہیں۔ ہاں اگر اور کوئی دوسری خرابی ہے مثلاً امام بد مذہب ہے یا فاسق معلن ہے یا اور کوئی شرعی خرابی ہے تو ضرور انہیں معزول کر کے کسی سنی صحیح العقیدہ مسائل نماز سے واقفیت رکھنے والے کو امام مقرر کرنا چاہیے ۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔