جناب مولا نا صاحب مد ظلكم العالی السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین ان مسائل میں :
(۱) واضح ہو کہ جن نمازوں کے بعد سنت و نفل نمازیں ہیں ان میں اگر جنازہ آجائے تو کیا فرض نماز کے بعد نماز جنازہ امام پڑھا سکتے ہیں یا پوری نماز سنت و نفل پڑھنے کے بعد نماز جنازہ پڑھنا چاہیے؟
(۲) کیا امام بغیر سنت مؤکدہ پڑھے امامت کر سکتا ہے؟
(۳) جمعہ کے بعد جو چار سنت ہیں کیا وہ فرض کے قریب ہیں؟
فوری جناب عالی مجھ کو مستند کتابوں کے حوالے سے جواب عنایت فرمایا جائے ، مجھ پر آپ کا بڑا کرم ہوگا۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
(۱) نماز جنازه فرض و سنت کے بعد نفل سے پہلے پڑھنی چاہیے۔ درمختار میں ہے : ”وَالْفَتْوَى عَلَى تَأْخِيرِ الْجِنَازَةِ عَنْ السُّنَّةِ“ (الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي، ص 112، کتاب الصلاة، باب العيدين، دار الکتب العلمیة بیروت) جنازہ خراب ہونے کا اندیشہ ہو تو سنت پر مقدم کی جائے گی۔
(۲) ایک آدھ بار ہو تو کوئی حرج نہیں لیکن سنت مؤکدہ کو چھوڑنے کی عادت بنانا فسق ہے، پھر اگر علانیہ طور پر چھوڑے تو فاسق معلن ہے۔ فاسق معلن کے پیچھے نماز مکروہِ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی ۔ ردالمحتار میں ہے: ”كَانَتْ السُّنَّةُ الْمُؤَكَّدَةُ قَرِيبَةً مِنْ الْوَاجِبِ فِي لُحُوقِ الْإِثْمِ كَمَا فِي الْبَحْرِ، وَيَسْتَوْجِبُ تَارِكُهَا التَّضْلِيلَ وَاللَّوْمَ كَمَا فِي التَّحْرِيرِ: أَيْ عَلَى سَبِيلِ الْإِصْرَارِ بِلَا عُذْرٍ“ (حاشية ابن عابدين = رد المحتار – الحلبي – ابن عابدين، ج 2، ص 12، کتاب الصلاة، باب الوتر و النوافل)
(۳) نہیں بلکہ سنت مؤکدہ ہیں ۔ تنویر الابصار اور در مختار میں ہے: ”وَسُنَّ مُؤَكَّدًا أَرْبَعٌ قَبْلَ الظُّهْرِ وَ أَرْبَعٌ قَبْلَ الْجُمُعَةِ وَ أَرْبَعٌ بَعْدَهَا بِتَسْلِيمَةٍ“ (الدر المختار شرح تنوير الأبصار وجامع البحار – علاء الدين الحصكفي، ص 91، کتاب الصلاة، باب الوتر و النوافل، دار الکتب العلمیة بیروت) فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔