کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مسائل ذیل میں :
(۱) عمامہ یا رومال سر پر اس طرح باندھنا کہ بیچ کا حصہ کھلا ر ہے نماز ہوگی یا نہیں؟
(۲) سجدے میں کتنی انگلیوں کا زمین سے لگا نا ضروری ہے، بعض لوگ صرف انگوٹھا یا ایک دو انگلی لگا لیتے ہیں، اور بعض لوگ تو پیر ہی اٹھا لیتے ہیں یا موڑ لیتے ہیں یا صرف انگلیوں کا پور لگاتے ہیں ، ان صورتوں میں نماز صیح ہوتی ہے یا نہیں؟ بینوا توجروا
الجواب بعون الملك الوهـــاب
(۱) عمامہ یا رومال سر پر اس طرح باندھنا کہ بیچ کا حصہ کھلا رہے اس کو عربی میں اعتجار کہتے ہیں اور اعتجار ممنوع ہے اور اس سے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی۔ ردالمحتار میں ہے: (قَوْلُهُ وَالِاعْتِجَارُ) لِنَهْيِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم عَنْهُ، وَهُوَ شَدُّ الرَّأْسِ، أَوْ تَكْوِيرُ عِمَامَتِهِ عَلَى رَأْسِهِ وَتَرْكُ وَسَطِهِ مَكْشُوفًا ( رد المحتار – الحلبي – ابن عابدين، ج 1، ص 652، کتاب الصلاة، باب ما يفسد الصلاة وما يكره فيها) اعتجار مکروہ ہے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے منع فرمانے کی وجہ سے۔ أن يشد را سه بالمنديل ويترك وسط راسه (فتاوی قاضی خان على هامش الهنديه ج:1، ص: 118، کتاب الصلاة، باب الحدث في الصلاة و ما يكره فيها) یعنی اعتبار مکروہ (تحریمی ) ہے۔ اور اعتجار یہ ہے کہ آدمی اپنے سر کو رومال سے باندھے اور اپنے بیچ سر کا حصہ کھلا چھوڑ دے۔
(۲) سجدے کی حالت میں دسوں انگلیوں میں سے ایک انگلی کے پیٹ کا زمین پر اس طرح لگنا کہ قبلہ کی طرف مڑی رہے سجدہ کے لیے شرط ہے۔ اگر ایک انگلی بھی نہ لگی تو سرے سے نماز ہی نہ ہوگی ، اور دونوں پاؤں کی تین تین انگلیوں کے پیٹ کا لگنا واجب ، کہ اگر تین تین انگلیاں نہیں لگیں تو نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی ۔ لقوله علیه الصلوة والسلام : إِذَا سَجَدَ المُؤْمِنُ سَجَدَ كُلُّ عُضْوِ مِنهُ، فَلْيُوَجِّهُ مِنْ أَعْضَائِهِ القِبْلَةَ مَا اسْتَطَاعَ ( الهداية – المرغيناني، ج 1، ص: 92، كتاب الصلاة، باب صفة الصلاة) یعنی حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان : جب مؤمن سجدہ کرتا ہے تو اس کے سارے اعضاء سجدہ کرتے ہیں پس چاہیے کہ جہاں تک ممکن ہو اپنے اعضاء کو قبلہ کی طرف متوجہ کرے۔ فتاوی عالمگیری میں ہے: وَلَوْ سَجَدَ وَلَمْ يَضَعْ قَدَمَيْهِ عَلَى الْأَرْضِ لَا يَجُوزُ وَلَوْ وَضَعَ إحْدَاهُمَا جَازَ مَعَ الْكَرَاهَةِ (الفتاوى الهندية– محمد أورنك عالم كير، ج 1، ص 70، کتاب الصلاة، الباب الرابع في صفة الصلاة) یعنی اگر سجدہ کیا اور اپنے دونوں قدم کو زمین پر نہیں رکھا تو نماز جائز نہیں ہوئی اور اگر ایک کو رکھا تو نماز کراہت کے ساتھ ہو جائے گی۔ یعنی مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی ۔ پھر قدم کے زمین پر رکھنے سے مراد انگلیوں کے پیٹ کا قبلہ کی طرف متوجہ ہونا ہے۔ اسی عالمگیری میں ہے: وَوَضْعُ الْقَدَمِ بِوَضْعِ أَصَابِعِهِ (الفتاوى الهندية– محمد أورنك عالم كير، ج 1، ص 70، کتاب الصلاة، الباب الرابع في صفة الصلاة) یعنی قدم رکھنے سے مراد انگلیوں کا رکھنا ہے۔ فقہائے کرام نے اس مسئلہ کی طرف خصوصی تنبیہ فرمائی ہے مگر افسوس کہ اکثر لوگ اس سے غافل ہیں اور اپنی نمازوں کو ضائع کرتے ہیں۔ وفقنا الله تعالىٰ واياهم إلى سبيل الرشاد . فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔