کیا فرماتے ہیں علمائے دین وملت مندرجہ ذیل مسائل میں کہ
(1) تیجہ کے دن گھر والوں کو اور دیگر مسلمانوں کو تیجہ کا کھانا اور چنا، بتاشہ وغیرہ شیرینی کی نیت سے کھانا کیسا ہے؟ بینوا توجروا۔
بسمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم
الجواب (1) میت کے گھر والوں اور دیگر مسلمانوں کا میت کے ایصال ثواب کے لیے پکا ہوا کھانا کھانا جائز و درست ہے کہ یہ صدقہ نافلہ ہے صدقہ واجبہ نہیں مگر اس کے لیے شادیوں کی طرح دھوم دھام اور نوید اور دعوت کا اہتمام نا جائز و بدعت قبیحہ ہے۔ ردالمحتار میں ہے: ”وَيُكْرَهُ اتِّخَاذُ الضِّيَافَةِ مِنْ الطَّعَامِ مِنْ أَهْلِ الْمَيِّتِ لِأَنَّهُ شُرِعَ فِي السُّرُورِ لَا فِي الشُّرُورِ، وَهِيَ بِدْعَةٌ مُسْتَقْبَحَةٌ۔“اھ (رد المحتار - ابن عابدين، ج 7، ص 246، كتاب الوصايا، دار الفكر، بيروت - لبنان) اگر شادیوں کی طرح دھوم دھام نہ ہو بلکہ سادہ طریقے پر ایصال ثواب کے لیے کھانا کھلایا جائے تو امیر غریب سب کو کھانا جائز ہے۔
رہا تیجہ کا چنا اور بتاشہ تو ہمارے یہاں کا عرف و رواج یہ ہے کہ یہ خاص مساکین کے لیے نہیں ہوتے بلکہ محض ایصال ثواب کی غرض سے عام حاضرین پر تقسیم کے لیے ہوتے ہیں اور اسی نیت سے منگائے جاتے ہیں اس لیے گھر کے افراداور دیگر اغنیاء وغیرہ کا لیناجائز ہے ایساہی فتاوی رضویہ ج 4 ص 138 پر ہے۔ والله تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔