کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین ذیل کے مسئلہ میں کہ:
عوام منصوری برادری شامل ہو کر ایک میٹنگ کرتی ہے اور زید کے مسئلہ نکاح پر تصدیق کرتی ہے جو فتوی ایک کتابی شکل میں ہے ان کے سامنے صفحہ: ۱۰ تک مکمل کتاب ہے، جن میں سارے وجوہ مع سوال و جواب کے تصدیق کر لیتے ہیں۔ جس فتویٰ پر حضرت مفتی اعظم جبل پور و مفتیان شرع متین و دینی کتب حوالہ مع عبارت کے شامل ہے۔ گویا کہ سبھی حضرات سے شرعی حکم ملا کہ نکاح جائز ہے۔ جیسا کہ کتاب تنویر الانوار علی جواب المنیر کی تحریر و تقریر سے ہر دونوں صورتوں میں مسئلہ حل ہو چکا ۔ یہ ساری تصدیقات کر لینے کے بعد اسی میٹنگ ۷۵۱؍ روپیہ جرمانہ بھی کر لیا گیا اور عوام برادری کو کھانا کھلانے کا حکم ملا تو کھانا بھی کھلا دیا گیا پھر ایک ہفتہ بعد میٹنگ بلوا کر قرآن پاک اٹھوایا گیا یعنی برادری کے سر گناؤں کا حکم ملا کہ قرآن پاک ہاتھ میں لے کر کہو کہ ہمارا نکاح صحیح ہوا ، تب ہم لوگوں کا شک دور ہوگا اور سب کام میں برادری شرکت کرلے گی ، لہذا کچھ دنوں تک یہی معاملہ رہا۔ ہر کام شامل رکھا اور پوچھا۔ پھر بعد میں یہ اعتراض کرنے لگے نہیں مانتے ، انکار پھر وہی پرانا بجھاؤ ہوا کہ نکاح صحیح نہیں ہوا۔ بستی کے لوگ چہرہ متنا نا گود کٹنی میہر گوریلہ وغیرہ کے ہیں۔ تو اب ایسی صورت میں خاص طور پر اس منصوری برادری کو کیا حکم شرع عائد ہوتا ہے اور ان سے عوام مسلمان کس طرح کا برتاؤ رکھیں اور ان کا کیا کیا جائے؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
تنویر الانوار علی جواب المنیر کتاب کے سوال و جواب سے واضح ہوا کہ مومنہ کا نکاح ثانی درست اور بالکل درست ہے علمائے ملت اسلامیہ کے فتاوی کو نہ ماننے والے فاسق اور گناہ کبیرہ کے مرتکبین ہیں ۔ اسی طرح سات سو اکیاون روپیہ جرمانہ لینا حرام ہوا کہ یہ جرمانہ بلا وجہ ہوا، جو ظلم ہے ۔ اور ظلم کی حدیث شریف میں بڑی مذمت آئی ہے۔ ارشاد ہے: ” الظُّلْمُ ظُلُمَاتٌ يَوْمَ القِيَامَةِ“(صحيح البخاري، ج 3، ص 129، كتاب المظالم، باب: الظلم ظلمات يوم القيامة، الحدیث : 2447) ظلم قیامت کے دن تاریکی ہے۔ یعنی ظلم کرنے والا قیامت کے دن سخت تاریک تاریکیوں اور مصیبتوں میں گھرا ہوگا۔ ویسے بھی تعزیر بالمال جائز نہیں اور نہ ان سے کھانا کھلوانا جائز۔ بہر حال منصوری برادری کے لیے نکاح ثانی کے درست ہونے پر علمائے ملت اسلامیہ کے فتاوی ہی کافی تھے، پھر بھی عوام منصوری برادری نے اپنے طور پر قرآن پاک اُٹھوائے (جس کی شرعا ضرورت نہیں تھی ) بایں ہمہ پھر نکاح کے صحیح ہونے میں شبہ کرنا قانونِ اسلامی پر بے اعتمادی کی غمازی کرتا ہے، جو حرام اور سخت حرام ہے۔ احکام شرع واضح ہو جانے پر بعد منصوری برادری کے جو افراد اب بھی شک کرتے ہیں، ان پر ضروری ہے کہ تو بہ کر کے زید کو اپنی برادری میں شریک کریں۔ اگر فتاوی تسلیم نہ کریں اور زید کو ظلماً برادری میں شریک نہ کریں تو عام مسلمانوں کو چاہیے کہ ایسے لوگوں سے سلام و کلام میل جول سب بند کر دیں ، لقولہ تعالى: ” فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرٰى مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ “ (الانعام : 68)
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔