کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
زید کی کتاب میں ایک عبارت اس طرح درج ہے کہ ”انبیا علیہم السلام کی قبور مطہرہ میں ازواج مطہرات پیش کی جاتی ہیں اور وہ ان کے ساتھ شب باشی فرماتے ہیں“ اس لیے تحریر فرمایا جائے کہ زید اور اس جیسا عقیدہ رکھنے والے کے متعلق شریعت کا کیا حکم ہے؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
انبیائے کرام علیہم الصلوۃ والسلام پر تصدیق وعدہ الہیہ کے مطابق ایک آن کے لیے موت طاری ہوتی ہے، پھر انہیں حیات دنیوی حقیقی عطا فرمادی جاتی ہے۔ وہ اپنی قبروں میں زندہ ہیں ، نمازیں ادا فرماتے ہیں ، انہیں رزق دیا جاتا ہے۔ ان پر احکام دنیا پر جاری ہوتے ہیں۔ اس لیے نہ ان کے اموال میں ترکہ تقسیم ہو گا۔ نہ ان کی ازواج مطہرات کو دوسرا نکاح کرنا جائز نہ ان پر عدت ہے۔ سنن ابن ماجہ کی حدیث ہے: حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”إِنَّ اللهَ حَرَّمَ عَلَى الْأَرْضِ أَنْ تَأْكُلَ أَجْسَادَ الْأَنْبِيَاءِ، فَنَبِيُّ اللَّهِ حَيٌّ يُرْزَقُ.“ (سنن ابن ماجه، ج 1، ص 524، کتاب الجنائز،بَابُ: ذِكْرِ وَفَاتِهِ وَدَفْنِهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، الحدیث 1637) اللہ تعالیٰ نے انبیاء کے جسم اقدس کو مٹی پر کھانا حرام فرمادیا ہے۔ تو اللہ کا نبی زندہ ہے انہیں رزق دیا جاتا ہے۔ اسی حدیث کے ضمن میں مرقات میں ہے: ”لِأَنَّهُ رَأَى مُوسَى قَائِمًا يُصَلِّي فِي قَبْرِهِ، وَكَذَلِكَ إِبْرَاهِيمُ كَمَا فِي حَدِيثِ مُسْلِمٍ، وَصَحَّ خَبَرُ: الْأَنْبِيَاءُ أَحْيَاءٌ فِي قُبُورِهِمْ يُصَلُّونَ“ (مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح – الملا على القاري (ت ١٠١٤هـ)، ج 3، ص : 1020، کتاب الصلاة، باب الجمعة، الحديث: 1366،دار الفكر، بيروت) یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت موسی علیہ السلام کو دیکھا کہ وہ اپنی قبر میں کھڑے نماز ادا فرما رہے ہیں اسی طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام ۔ جیسا کہ مسلم شریف کی حدیث میں ہے اور انبیا کی خبر صحیح ہے کہ وہ اپنی قبروں میں زندہ ہیں نماز پڑھتے ہیں۔
زید کی کتاب کی عبارت مسئولہ کا ماخذ حضرت علامہ سیدی محمد ابن عبد الباقی زرقانی کا قول مبارک ہے۔ اس لیے زید یا زید جیسا عقیدہ رکھنے والے صحیح و درست ہیں ۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔