حضور مفتی صاحب قبلہ جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسائل میں :
(۱) حرف ضاد (ض) مشابہ بالظاء ہے یا مشابہ بالدال؟ اور جب اس کو ادا کیا جائے گا تو کس حرف کی مشابہت ہوگی؟
(۲) حرف ضاد (ض) کو مشابہ بالدال یعنی ”ولا الدوالین“ پڑھنا یا حرف ضاد (ض) کو مشابہ بالظاء جیسے ”ولا الظالین “پڑھنا جائز ہے یا نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
(۱، ۲) اس حرف کی ادا خصوصاً عجمیوں پر اس لیے دشوار ہے کہ ان کی زبان کا حرف نہیں ۔ در حقیقت نہ تو ظاد ہے نہ ہی دواد۔ بلکہ اس کا مخرج زبان کی ایک طرف کی کروٹ اسی طرح کی بالائی ڈاڑھوں سے مل کر درازی کے ساتھ ادا ہونا اور زبان اوپر کی طرف اٹھ کر تالو سے ملنا اور ادا میں سختی و دقت ہونا ہے۔ مسلمانوں پر ضروری ہے کہ اس کا مخرج ادا کرنا سیکھیں اور کوشش کریں کہ ٹھیک ادا ہو۔ نہ ظاء کا قصد ہو نہ دواد کا کہ ان دونوں کا قصد کرنا حرام ہے۔ ہاں اگر مخرج سیکھنے کی حتی الوسع کوشش کی اور حرف صحیح ادا کرنے کا قصد کیا پھر کچھ نکلے اس پر مواخذہ نہ ہوگا۔ ارشاد ربانی ہے : ”لَا یُكَلِّفُ اللّٰهُ نَفْسًا اِلَّا وُسْعَهَا“ (البقرۃ:286) اللہ کسی جان کو اس کی طاقت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا۔ خصوصاً ظاد سے اس حرف کا جدا کرنا تو سخت مشکل ہے۔ رد المختار میں ہے: "وَإِنْ كَانَ الْخَطَأُ بِإِبْدَالِ حَرْفٍ بِحَرْفٍ، فَإِنْ أَمْكَنَ الْفَصْلُ بَيْنَهُمَا بِلَا كُلْفَةٍ كَالصَّادِ مَعَ الطَّاءِ فَاتَّفَقُوا عَلَى أَنَّهُ مُفْسِدٌ، وَإِنْ لَمْ يُمْكِنْ إلَّا بِمَشَقَّةٍ كَالظَّاءِ مَعَ الضَّادِ فَأَكْثَرُهُمْ عَلَى عَدَمِ الْفَسَادِ لِعُمُومِ الْبَلْوَى. ملتقطا" (حاشية ابن عابدين = رد المحتار –الحلبي – ابن عابدين، ج 1، ص 631، كتاب الصلاة، باب ما يفسد الصلاة وما يكره فيها ) یعنی اگر ایک حرف کو دوسرے حرف سے بدلنے میں خطا ہوتی ہے تو اگر دونوں حرف کا بلا مشقت ادا ہونا ممکن ہے جیسے : صادطا کے ساتھ تو فقہا کا اتفاق ہے کہ نماز فاسد ہو جائے گی اور اگر دونوں حرف کا بلا مشقت ادا ہونا ممکن نہ ہو جیسے ظاء ضاد کے ساتھ تو اکثر فقہا نے عموم بلوی کے سبب نماز کے فاسد ہونے کا حکم نہیں دیا ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔