کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں :
زید کا زنا ثابت ہو چکا ہے مگر وہ اقرار نہیں کرتا اور امامت و درس و تدریس کے منصب پر فائز ہے اس صورت میں صحیح حل کیا ہوگا ؟ زحمت فرمائیں۔ نیز یہ بھی فرمائیں کہ زانی اور زانیہ کا آپس میں نکاح ہو جائے تو عند الاحناف کیا مسئلہ ہے؟
الجواب بعون الملك الوهـــاب
اگر چار عادل گواہ نے زید کو اس طرح زنا کرتے دیکھا جیسے سلائی سرمہ دانی میں اور وہ چاروں گواہ اس کے زنا کی گواہی بھی دیتے ہوں تو زید کا زنا ثابت ہو جائے گا۔ اگر چہ زید انکار کرے۔ از روئے شرع اگر وہ شادی شدہ ہے تو رجم اگر غیر شادی شدہ ہے تو سو کوڑے مارے جائیں گے، لیکن یہ کام حاکم اسلام کا ہے اور یہاں حاکم اسلام کہاں؟ لہذا زید کو چاہیے کہ صدق دل سے تو بہ کرے۔ اگر وہ توبہ کرلے تو اس کی امامت و تدریس میں کوئی حرج نہیں۔ حدیث میں ہے: " التَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ كَمَنْ لاَ ذَنْبَ لَهُ “ (سنن ابن ماجه، كتاب الزهد، باب : ذكر التوبة، الحدیث:4250 /مشكوة المصابيح، كتاب الدعوات، الحدیث: 2363) گناہ سے تو بہ کرنے والا ایسا ہے گویا اس نے گناہ کیا ہی نہیں ۔ اگر تو بہ نہ کرے تو اس کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی ، واجب الاعادہ ہوگی ۔ اسی طرح اسے کسی اسلامی ادارے کا مدرس بنانا بھی درست نہیں کیوں کہ اس میں اس کی تعظیم ہے اور فاسق کی تعظیم درست نہیں بلکہ اس کی اہانت ضروری ہے۔ ہاں اگر چار گواہ عادل نہ ہوں تو زید کا انکا ر قابلِ قبول ہوگا اور اس پر زنا کا جرم نہ ہوگا۔ زانی اور زانیہ کا آپس میں نکاح ہو سکتا ہے۔ قدوری میں ہے :” وَإِذَا تَزَوَّجَت الْحَامِلُ مِنْ الزِّنَا جَازَ النِّكَاحُ “ (مختصر القدوري – القدوري (ت ٤٢٨)، كتاب الظهار، باب العدة،ص171، دار الكتب العلمية، بيروت) فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔