کیا فرماتے ہیں علمائے دین کہ۔۔۔۔
زید صاحب نصاب ہے اور اس پر حج فرض ہے۔ اور یہ حج کر کے آگیا ۔ اور اب پھر حج کرنے کا ارادہ کیا اور ساتھ میں اپنے بڑے لڑکے اور اسکی عورت کو لے جانا چاہتا ہے۔ اور زید کے تین لڑکے اور لڑکیاں سب اپنے والد کے شامل رہتے ہیں اور لڑکیوں کو شادی کر کے سسرال بھیج دی۔
دریافت طلب یہ امر ہے کہ زید کے انتقال کے بعد یہ بڑا لڑکا جس کو زید اپنے ساتھ حج کے لیےلے گیا تھا، اس کا حج فرض ادا ہو جائے گا۔ یا کہ زید کے انتقال کے بعد اب انھوں نے اس مال کو تقسیم کیا۔ اور تینوں کے پاس اتنامال آیا کہ حج فرض ہو جاتا ہے۔ اور باپ کے ساتھ بھیجنے میں دونوں بھائی راضی تھے۔ اور یہ بڑا لڑکا حج کے واسطے جائے تو احرام باندھنے کی نیت کس طرح کرے ۔ آیا اس پر اب حج فرض ہو گا یا پہلاحج کافی ہے ۔
زید اپنے بڑے لڑکے کو اگر اپنے ساتھ حج کو جاتا ہےاگر وہ لڑکا بالغ ہے تو اس کا یہ حج حجِ فرض ادا ہوگا اور حج فرض ہی کی اس کو نیت باندھنی چاہئے ۔ زید کے انتقال کے بعد اس کے تینوں لڑکے کے حصہ میں اگر اتنا مال آیا کہ ان پر حج کا ادا کر نا فرض ہو تو پہلا لڑ کا جس نے حج فرض ادا کر لیا ہے ۔ اس کے اوپر پھر حج کرنا ضروری نہیں کہ حج فرض ادا ہو گیا ۔ اور اب جو حج کرے گا وہ حج نفل ہو گا۔ باقی دونوں لڑکے جنھوں نے حج نہیں کیا ہے ان پرحج کرنا لازم ہوگا۔ واللہ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔