کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اہلسنت و جماعت اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
زید نے اپنی بیوی ہندہ کی جانب سے مبلغ چار سو روپے برائے حج بدل عمرو عازم حج کو دے کر کہا کہ جو شخص تمھاری نظرمیں معتبر ہو اسکو حج بدل کے واسطے آمادہ کرکے اپنی ہمراہ لے جاؤ چنانچہ عمر ونے وہ رقم لیکر زید سے کہا کہ اس میں سے جو کچھ پس انداز ہوگا وہ میں واپس دونگا اور اگر بیس تیس روپے زائد صرف ہوگےوہ میں اپنے پاس سے خرچ کروں گا اور بکر کو ساتھ لیکر مکہ معظمہ زاد اللہ شرفا و تعظیما روانہ ہوا ۔ بکر نے قِران کا احرام باندھا بعد فراغ ارکان حج کے سبب کمی خرچ مدینہ طیبہ کی حاضری میں تردد پیدا ہوا اور معابکر کو یہ حدیث مبارکه من حج ولم يزرني فقد جفاني یاد آئی اور نیز اس امر کا خیال ہوا کہ ایسانہ ہو کہ زیدکہی معترض نہ ہو کہ تم مدینہ طیبہ کیوں نہیں گئے اور حج ناقص کیا تو کیا جواب ہوگاپس اس بارے میں عمر وسے مشورہ کیا۔ عمرو نے فوراً ایک خط واسطے روانگی کھرچ زید کو بھیجا اور در صورت عدم حصول جواب اور انتظار مناسب کے عمر ونے بکر سے کہا کہ اگرتم مدینہ طیبہ چلنا چاہتے ہو تو بسم اللہ چلو اور خرچ مجھ سے لو وطن پہنچ کر مجھے دیدینا۔ بکر نے منظور کیا اور حسب وعدہ بعد مراجعت سفر حرمین شریفین وطن آکر منجملہ ایک سو پانچ روپے کہ سو روپے ادا کئے ۔ اور فہرست کل اخراجات حسب الطلب زید کے پاس بھیج دی اور زبانی بھی بیان کردیا مگر زید نے محض خاموشی اختیار کی اور زائد خرچ ادا نہیں کیا ۔صورت مسئولہ میں شرعاً زید علاوہ رقم چار سو روپے کے صرف زائد کا دین دار ہے یا نہیں ۔ اور بکر پانے کا مستحق ہے یا نہیں فقط ۔ بینوا توجروا
جبکہ زید نے صرف حج کے لئے کہا اور مدینہ طیبہ کے اخراجات زید نے اپنے ذمے نہیں لئے، تو یہ اخراجات جو مدینہ طیبہ کے آنے جانے میں خرچ ہوئے زید پر یہ دینا لازم نہیں، بکر نے عمر و سے قرض یہ روپئے لئے اب بکر ہی اپنے پاس سے یہ روپئے ادا کرے ۔ واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔