گذارش یہ ہے کہ ہندوستان سے جب لوگ حج کے لئے جاتے ہیں تو قِران یا تمتع یا مفرد کسی خاص کی نیت نہیں ہوتی بلکہ ہم کو یہ مسائل معلوم ہی نہ تھے صرف مطلق حج کے ارادے سے روانہ ہوتے ہیں اور جو اس میں کرنا پڑتا ہوگا وہ کریں گے اور یلملم سے احرام باندھتے ہیں مکہ معظمہ پہنچ کر پہلا طواف کر کے سعی اور حلق یا تقصیر کرا کر احرام کھول دیتے ہیں اور مہینہ یا کچھ زیادہ کم ذوالحجہ کی مدت باقی ہوتی ہے تو اس درمیانی مدت میں بغیر حالت احرام کے جماع کرنے سے حج فاسدہو جاتا ہے یا نہیں۔ بہار شریعت حج کے بیان میں اکثر جگہوں سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ احرام باندھنے سے و قوف عرفہ تک درمیان میں جماع کرنے سے حج فاسد ہو جاتا ہے ۔ اور جدید احرام باندھنے سے بھی اس سال قضا نہیں ہو سکتی۔ اور یہ بہار شریعت میں ہے کہ وقوف عرفہ سے پہلے قارن کا لبیک ختم نہیں ہو سکتا تو میری سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ طواف قدوم اور سعی کر کے احرام کھولنے کے بعد بھی جماع کرنے سے حج فاسد ہوا یا نہیں۔فاسد ہو گیا کیونکہ احرام کھو دیا ہے۔
گھرسے تو حج کے لئے جاتےہیں اور حج کرتے بھی ہیں مگر یلملم کے قریب یاجہاں سے احرام باندھااس وقت کس چیز کا احرام باندھا۔ اگر صرف عمرہ کا باندھا تو طواف وسعی کرکے حلق یا تقصیر کر کے احرام سے خارج ہوگیا اور اگر حج یا حج و عمرہ دونوں کا احرام باندھا(۱) ہے تو طواف و سعی کے بعد حلق یا تقصیر جائز نہیں نہ یہ دونوں رمی سے پہلے احرام سے باہر ہوسکتے ہیں، اگر حلق و تقصیر کریں گے تو دم لازم ہوگا۔ احرام کھولنے کے یہ معنی نہیں کہ تہبندو چادر کی جگہ سلے ہوئے کپڑے پہن لئے جائیں بلکہ تمام ارکان اداکر کے حلق یا قصر کرنا ہے۔ اور اگر پہلے ہی حلق یا تقصیر کر لیا تو حرام سے خارج نہ ہوا بلکہ محظور و ممنوع میں مبتلا ہوا اور کپڑے سلے ہوئے پہنے تو اس کا بھی جرمانہ واجب اور وقوف عرفہ سے پیشتر جماع کیا توحج فاسد اگر چہ احرام کے کپڑے اُتار چکا ہو حلق وغیرہ کرچکا ہو یہ شخص ان افعال سے احرام سے خارج نہ ہوا بلکہ ممنوع اور حرام میں مبتلا ہوا، اس فرض اہم کو ادا کرنے چلا، اتنے مصارف اٹھائے ، صعوبتیں برداشت کیں اور کسی جاننے والے سے اتنا بھی نہ پوچھا کہ احرام کس کا نام ہے اور کیونکر اور کب کھلتا ہے، تو اسے حج فاسد کرتے کیا دیر لگتی ہے۔ مگر اس زمانے میں ہرشخص اپنے کو عالم سمجھتا ہے ، علماء سے ہر شخص کو استغناء ہے اس کا نتیجہ سوائے اس کے کیا ہوگا کہ عبادات بھی صحیح نہ ہوں گی، کوئی بالکل معمولی مقدمہ بغیر مشورہ وکیل کے نہیں لڑایا جاتا مگر شریعت کے احکام اہلِ علم سےنہیں پوچھتے۔ وہاں اگر چہ جانتے ہوں اپنے کو عاجز تصور کرتے ہیں اور یہاں اگر چہ نہیں جانتے اپنے کو ماہر و قابل ٹھہراتے ہیں۔وجہ یہ کہ اس میں نفع و نقصان یہیں معلوم ہو جائے گا۔ اور یہاں آخرت میں حال کھلے گا مولیٰ تعالیٰ آپ کے شوق کو زیادہ کرے کہ آپ کو علم دین سے دلچسپی ہے بات کے سمجھنے کا قصد ہے ۔واللہ اعلم
(۱) حج کرنے کی تین صورتیں ہیں :۔ قران ، تمتع ، افراد ۔ میقات سے صرف عمرے کا احرام باندھا جائے۔ اشہر حج نہیں عمرہ کر کے فارغ ہو جائیں اور پھر حرم سے احرام باندھ کے حج کریں یہ تمتع ہے ۔ میقات سے حج اور عمرے دونوں کا احرام باندھیں یہ قران ہے ۔ میقات سے صرف حج کا احرام باندھیں۔ یہ افراد ہے۔ ہر ایک کے تفصیلی احکام الگ ہیں جو بہار شریعت حصہ ششم سے معلوم کریں ۔
واللہ تعالیٰ اعظم امجدی
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔