کیا فرماتے ہیں علمائے دین و شرعِ متین اس مسئلہ میں کہ سوائے پیغمبر اور اصحاب کے، کسی اور بزرگِ دین کو ”اعلیٰ حضرت“، ”حضور پُرنور“، ”رضی اللہ تعالیٰ عنہ“ اور ”قدس سرہٗ“ کہنا جائز ہے یا نہیں؟ اگر جائز ہے تو کس صورت پر جائز ہے؟ بینوا توجروا
لفظ ”اعلیٰ حضرت“، ”حضورِ پُرنور“، انبیاءِ کرام علیہم السلام یا صحابۂ عظام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے ساتھ خاص نہیں؛ نہ عرفاً خاص، نہ شرعاً۔ حضرت اور حضور کا لفظ تو بہت عام ہے۔ اب اگر کسی معظمِ دینی کو ”اعلیٰ حضرت“ کہا یا ”حضور پُرنور“ کہا، تو اسے نبی یا صحابہ کے کسی خاص وصف میں شریک کرنا نہ ہوا، بلکہ ان تمام لوگوں میں جنہیں حضرت یا حضور کہا جاتا ہے، اسے بڑا مانا اور اس میں اصلاً حرج نہیں۔ بلکہ معظمانِ دین کو عظمت کے ساتھ ذکر کرنا چاہیے۔ بلکہ قرآنِ مجید تو مطلقاً مومنین کے لیے فرماتا ہے: ﴿وَأَنْتُمُ الْأَعْلَوْنَ إِنْ كُنْتُمْ مُؤْمِنِينَ﴾تمہیں اعلی ہو اگر مؤمن ہو۔ (آل عمران، الآیة: 139)
یوں ہی ”رضی اللہ تعالیٰ عنہ“ یا ”قدس سرہٗ“ بھی صحابۂ کرام کے ساتھ خاص نہیں؛ صاحبِ 'ہدایہ' کے تلامذہ نے ان کو ”رضی اللہ تعالیٰ عنہ“ جا بجا کہا ہے۔ بہت سے مقامات میں 'ہدایہ' کے لیے (لکھا ہے) ”قال رضی اللہ تعالیٰ عنہ“ اور اس سے مراد خود صاحبِ ہدایہ ہیں۔
قرآنِ مجید نے صحابۂ کرام کے متبعین کو بھی ”رضی اللہ تعالیٰ عنہم“ کہا، ارشاد فرمایا: ﴿وَالسَّابِقُونَ الْأَوَّلُونَ مِنَ الْمُهَاجِرِينَ وَالْأَنْصَارِ وَالَّذِينَ اتَّبَعُوهُمْ بِإِحْسَانٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمْ وَرَضُوا عَنْهُ﴾ (1) واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔