کیا ارشاد فرماتے ہیں علمائے حقانی و نائبِ رسول، صراطِ مستقیم کہ غیر مقلدین وہابیوں کا اخبار و کتابِ نصیحت، اگرچہ اس میں حدیث و آیتِ قرآن ہو، پڑھنا عوام الناس کو جائز ہے یا ناجائز؟
سائل: حکیم حاجی سید نعیم الدین صاحب بہاری، حال مقام مانی کاچر، ڈاک خانہ مانی کاچر، ضلع دھوبڑی،
۱۲ صفر ١٣٤٢ھ۔
بدمذہب کے اخبار و کتب عوام نہ دیکھیں، اگرچہ وہ آیات و احادیث بھی لکھیں؛ کیونکہ یہ لوگ اپنی کتابوں اور تحریروں میں موقع پا کر ضرور کچھ باتیں بدمذہبی کی بھی لکھ دیا کرتے ہیں۔ بہت ممکن ہے کہ عامی (عام آدمی) کے ذہن میں گھر کر جائے اور ہلاک ہو۔
امام ابنِ سیرین کے پاس دو بدمذہب حاضر ہوئے اور عرض کی کہ: ”ہم آپ سے ایک حدیث بیان کرنا چاہتے ہیں۔“ فرمایا: ”نہیں۔“ عرض کی: ”تو کوئی آیت پڑھ کر سنائیں۔“ فرمایا: ”نہیں، یا تم اٹھ جاؤ یا میں چلا جاؤں گا۔“ وہ دونوں نکل گئے۔ لوگوں نے اس کی وجہ پوچھی تو فرمایا: ”إِنِّي خَشِيتُ أَنْ يَقْرَءَا عَلَيَّ آيَةً فَيُحَرِّفَانِهَا فَيَقِرَّ ذَلِكَ فِي قَلْبِي“ یعنی: ”میں ڈرا کہ یہ دونوں آیت پڑھ کر اس کے معنی میں کچھ تحریف کریں گے، اور وہ میرے دل میں گھر کر لے گی۔“
اسی وجہ سے حدیث میں ایسے لوگوں سے اجتنابِ تام کا حکم فرمایا ہے: «فَإِيَّاكُمْ وَإِيَّاهُمْ. لَا يُضِلُّونَكُمْ وَلَا يَفْتِنُونَكُمْ» (صحيح مسلم، باب النهي عن الرواية عن الضعفاء والاحتياط في تحملها، ج: 1، ص: 12، مطبعة عيسى البابي الحلبي، القاهرة) یعنی: ”تم اپنے کو ان سے دور رکھو اور انھیں اپنے سے دور کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تمہیں گمراہ کر دیں اور تمہیں فتنہ میں ڈال دیں۔“
نیز ان کی کتابیں وغیرہ اس طرح پڑھنے میں، مصنفین کی وقعت ذہن میں پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، اور بدمذہب کی توقیر حرام ہے۔ حدیث میں ہے: «مَنْ وَقَّرَ صَاحِبَ بِدْعَةٍ فَقَدْ أَعَانَ عَلَى هَدْمِ الإِسْلاَمِ» (الجامع الصغير، حديث: ١٢٦٤٧) یعنی: ”جس نے کسی بدمذہب (بدعتی) کی توقیر کی، اس نے اسلام کے ڈھانے پر مدد دی۔“ (رواہ الطبرانی عن عبد اللہ بن بشیر عن النبی صلی اللہ علیہ وسلم)
'شرح مقاصد' وغیرہ میں ہے: ”إن حكم المبتدع البغض والإهانة والرد والطرد“ (۱)واللہ تعالیٰ اعلم!
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔