(١) کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین اس مسئلہ میں کہ روضہ اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے ایسا اگر کوئی شخص ہندوستان میں اس غرض سے بنا دے کہ اس کو دیکھ کر ہمیشہ یاد آئے کہ روضہ مبارک ایسا ہے، اور اس میں قبرِ شریف نہ بنائی جائے، صرف مکانِ روضہ ہو؛ تو ایسا بنانا جائز ہے یا نہیں؟
(۲) روضۂ مبارک کا نقشہ ہندوستان میں بنا کر، اس میں آپ (صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم) کا ریش مبارک (بال) یا نعلینِ مبارک یا جبہِ اقدس رکھ کر زیارت کرنا اور اس کا بوسہ دینا جائز ہے یا نہیں؟ بینوا بالکتاب، توجروا یوم الحساب
(١) روضۂ منورہ کی صحیح نقل بنا کر بقصدِ تبرک رکھنا جائز ہے (1)، جس طرح کاغذ پر اس کا فوٹو بہت سے مسلمان رکھتے ہیں۔ یوں ہی اگر پتھر وغیرہ کی عمارت بنائیں تو اس میں اصلاً حرج نہیں۔ جاندار کی تمثال (تصویر) حرام ہے، مگر غیر ذی روح (بے جان چیز) کی تصویر میں کوئی قباحت نہیں۔ نقشہ نعلینِ مبارک کو ائمہ و علماء جائز بتاتے ہیں اور اس کو مکان میں رکھنے کو سببِ برکت جانتے ہیں۔ شبیہِ روضہ کا بھی وہی حکم ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم
(۲) تبرکاتِ شریفہ اس میں رکھنا، ان کی زیارت کرنا اور بوسہ دینا سب جائز ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔