کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسئلے میں :
جتنے بھی فرقہ باطلہ ہیں خصوصاً وہابی ، مودودی ان کو چیلنج مباہلہ کر سکتے ہیں یا نہیں؟ یا مباہلہ صرف انبیاء و مرسلین علیہم الصلاة والتسلیم کے لیے مخصوص ہے یا اس طور پر کہہ سکتے ہیں یا نہیں کہ تم بھی آگ میں کو دو اور ہم بھی جو حق پر ہوگا جلنے سے محفوظ رہے گا یا اسی کے مثل؟ جواب باصواب سے مطلع فرمائیں۔
الجواب بعون الملك الوهـــاب
حضور سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد فرق باطلہ سے مباہلہ کے جواز میں علما کا اختلاف ہے۔ اصح قول یہ ہے کہ اگر وہ کام جس کے بارے میں مباہلہ ہوگا امر مہم اور شرعی ہو اور مباہلہ کے بغیر اس کی فضیحت ممکن نہ ہو تو مباہلہ جائز ہے، بشرطیکہ اس سے پہلے حجت قائم کر دی گئی ہو۔ شبہ کے ازالہ میں انتھک کوششیں کی گئی ہوں نصیحت کر دی گئی ہو اور ڈرا دیا گیا ہو کہ مخالفت کا اس میں کوئی فائدہ نہیں بلکہ اس کے لیے ضرر ہے۔ تفسیر جلالین کے حاشیہ پر زیر آیت ” ثُمَّ نَبْتَهِلْ الخ“ مذکور ہے: وقع البحث عند شيخنا العلامة الدوانيّ قدس الله سره في جواز المباهلة بعد النبيّ ﷺ، فكتب رسالة في شروطها المستنبطة من الكتاب والسنة والآثار، وكلام الأئمة، وحاصل كلامه فيها أنها لا تجوز إلا في أمر مهم شرعا، وقع فيه اشتباه وعناد لا يتيسر دفعه إلا بالمباهلة، فيشترط كونها بعد إقامة الحجة والسعي في إزالة الشبهة وتقديم النصح والإنذار وعدم نفع ذلك ومساس الضرورة إليها. (حاشية تفسير الجلالين، ص 53)
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔