کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
ایک عورت پر حج فرض ہے۔ مگر اس کا شوہر بے گوہر نہ اس کے ساتھ حج میں جانے کو تیار ہے اور نہ ہی اسے اس کے ساتھ بھائی بھاوج کے ساتھ جانے کی اجازت دیتا ہے۔ ایسی صورت میں عورت سوچتی ہے کہ اگر میں حج نہ کروں تو سخت گنہ گار مستحق عذاب ناربنتی ہوں اور اگر بے اجازت شوہر حج کو میں چلی جاتی ہوں تو حج تو ادا ہو جائے گا مگر اس کے باوجود شوہر کی نافرمانی کی وجہ سے گنہ گار اور سحق نار بنتی ہوں ۔ اب وہ عورت عجیب مخمصہ میں ہے کہ کیا کرے کیا نہ کرے۔ اس مسئلہ کے حل کے لئے وہ آپ کے دارالافتاء سے رجوع کرتی ہے اور امید کرتی ہے کہ کوئی شرعی مناسب حل نکال کر شاد کام فرما ئیں گے۔
الجواب اللهم هداية الحق والصواب
واقعی عورت مذکورہ مجبورہ کا شوہر بے گوہر ہے کہ وہ فرائض الٰہیہ کی ادائیگی میں مداخلت کر رہا ہے۔ حج فرض ہو جانے کے بعد فوری طور پر اس کی ادائیگی واجب ہے اور تاخیر گناہ کبیرہ ۔اور شوہر کو اپنی بیوی کو گناہ کبیرہ کے دلدل میں دھکیلنے کی بھول کر رہا ہے پھر حسن اتفاق سے اس عورت کو سفرحج کے لئے قریبی محرم بھی میسر ہے معلوم نہیں آئندہ ایسا سنہری موقع ہاتھ آتا ہے یا نہیں اسلئے شوہر کو چاہئے کہ برضا ،و رغبت اپنی بیوی کو سفرحج میں جانے کی اجازت دیکر خود گناہ سے بچے اور اپنی بیوی کو گناہ سے بچائے۔ بالفرض اگر شوہرمذکوہ اجازت نہ دے تو چونکہ فرائض الٰہیہ سے ہے جسکی ادائیگی جلد از جلد واجب ہے اُس عورت کو شرعی طور پر اجازت ہے کہ وہ اپنے شوہر کی اجازت کے بغیر اپنے بھائی کے ساتھ سفرحج پر چلی جائے اور فرض کی ادائیگی سے سبکدوش ہو، صورت مسئولہ میں شوہر کی اجازت کے بغیر سفرحج کرنا گناہ و نافرمانی نہیں بلکہ حق شریعت مطہرہ نے اسے دیا ہے۔
قال صلى الله تعالى عليه وسلم: لَا طَاعَةَ لِأَحَدٍ فِي مَعْصِيَةِ اللهِ (مسند أحمد - ط الرسالة – أحمد بن حنبل (٣٤ / ٢٥٧)
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ معصیت میں کسی کی اطلاعت نہیں کرنی چاہئے۔( مسند احمد بن حنبل)
اعلیٰ حضرت امام اہلسنت علیہ الرحمہ اپنے فتاویٰ میں فرماتے ہیں:جبکہ عورت پر حج فرض ہے اجازت شوہر کی ہر گز حاجت نہیں " فان الاصح ان افتراض الحج فوري
والله تعالیٰ اعلم
کتبہ: عبد الواجد قادری غفر لہ خادم افتاء جامعہ مدینۃ الاسلام دی ہیگ
۱۲/ رمضان المبارک ،۱۴۱۸ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔