قرآن پاک میں ارشاد ہے: اِنَّ اللهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ تو جھوٹ بولنا، زنا کرنا، چوری کرنا ، شراب پینا اور شادی وغیرہ کرنا بھی ایک شی ہے ۔ کیا اللہ تعالیٰ ان چیزوں پر بھی قادر ہے؟
جھوٹ بولنا، زنا کرنا ، چوری کرنا اور شراب پینا عیب ہے اور ہر عیب خدا تعالی کے لئے محال ہے ممکن نہیں اور خدا تعالیٰ کی قدرت صرف ممکنات کو شامل ہے نہ کہ محالات کو تفسیر جلالین میں ہے: اِنَّ اللهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ شاء ه قَدِيرٌ یعنی اللہ تعالیٰ ہر اس شی پر قادر ہے جس کو وہ چاہتا ہے۔ صاوی میں ہے کہ شاءہ سے مراد ارادہ ہے اور ذات باری تعالیٰ کے ارادہ اور قدرت صرف ممکنات سے متعلق ہوتے ہیں نہ کہ محالات سے اور قدیر قدرت سے مشتق ہے جو خدا تعالیٰ کی صفت از لیہ قائم بذاتہ ہے اور ایجادا و اعداما ممکنات سے متعلق ہوتی ہے۔ صاوی کی عبارت یہ ہے: شاء ه ای اراده والا رادة لا تتعلق الا بالممكن فكذا القذرة قوله قدير من القدرة وهى صفة ازلية قائمة بذاته تعالى تتعلق بالممكنات ايجادا واعداما اء ملخصا اور تفسیر جمل میں ہے: ای من شانه ان يشاءہ ، وذلك هو الممكن اھ یعنی شاءہ سے مراد یہ ہے کہ جس کا چاہنا اس کی شان کو زیبا ہو اور وہ صرف ممکن ہے اور شرح عقائد جلالی میں ہے: الكذب نقص والنقص عليه محال فلا يكون من السكنات ولا تشتمله القدرة كسائر وجوه النقص عليه تعالى كالجهل والعجز - یعنی جھوٹ بولنا عیب ہے اور عیب اللہ تعالیٰ پر محال ہے تو اللہ تعالیٰ کا جھوٹ بولنا ممکنات سے نہیں نہ اللہ تعالی کی قدرت اسے شامل ہے جیسے تمام اسباب عیب مثلاً جہل اور عجز سب خدا تعالٰی کے لئے محال ہیں اور صلاحیت قدرت سے خارج ہیں اور علامہ کمال الدین قدسی شرح مسامرہ میں فرماتے ہیں: لا خلاف بین الاشعرية وغيرهم في ان كل ما كان وصف نقص فالبارى عنه منزه وهو محال عليه تعالیٰ احد یعنی اشاعرہ اور غیر اشاعرہ کسی کو اس میں اختلاف نہیں کہ ہر وہ چیز جو صفت عیب ہے باری تعالی اس سے پاک ہے اور وہ خدا تعالیٰ پر محال ہے ممکن نہیں ۔ رہا شادی کرنا تو یہ بھی محال ہے کہ خدا تعالیٰ کو شادی پر قادر ماننے سے کئی خداؤں کا ممکن ہونا لازم آتا ہے اس لئے کہ جب شادی کرنے پر قادر ہو گا تو استقرار حمل و تولید ولد پر بھی قادر ہوگا اور خدا کا بچہ خدا ہی ہوگا۔ قرآن مجید پارہ ۲۵۔ رکوع ۱۳ میں ہے: قُلْ اِنْ كَانَ لِلرَّحْمٰنِ وَلَدٌ ﳓ فَاَنَا اَوَّلُ الْعٰبِدِیْنَ(۸۱) ، یعنی تم فرماؤ کہ اگر رحمن کے لئے کوئی بچہ ہے تو میں سب سے پہلے اس کا پوجنے والا ہوں(پ۲۵، الزخرف ۸۱) تو قطعاً دو بلکہ کئی خداؤں کا ممکن ہونا لازم آیا کہ قدرت خدا کی انتہا نہیں۔ لاحول ولاقوة الا بالله العلى العظيم. هذا ما عندى والعلم عند الله تعالى ورسوله جل جلاله وصلى الله عليه وسلم.
كتبہ:
جلال الدین احمد الامجدی
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔