اگر کسی شخص پر حج فرض ہو لیکن وہ حج کرنے پر قادر نہ ہو تو وہ اپنی جانب سے حج بدل کراسکتا ہے یا نہیں؟ اور اس صورت میں حج مفروض سے بری الذمہ ہو جائے گا یا نہیں؟
اگر کسی پر حج فرض ہو اور اس نے ادا نہ کیا یہاں تک کہ اب اس کے ادا کرنے پر قادر نہ رہ گیا مثلاً اپاہج یا مفلوج ہو گیا یا عورت تھی اب اس کا محرم نہیں رہ گیا تو اس پر وہ حج فرض باقی ہے خود نہ کر سکے تو حج بدل کرائے۔
فتاوی عالمگیری جلد اول مطبوعہ مصر ۲۰۴ میں ہے: وَلَوْ مَلَكَ الزَّادَ وَالرَّاحِلَةَ، وَهُوَ صَحِيحُ الْبَدَنِ، وَلَمْ يَحُجَّ حَتَّى صَارَ زَمِنًا أَوْ مَفْلُوجًا لَزِمَهُ الْإِحْجَاجُ بِالْمَالِ بِلَا خِلَافٍ، كَذَا فِي الْمُحِيطِ۔ (الفتاوى العالمكيرية = الفتاوى الهندية – محمد أورنك عالم كير (١ / ٢١٨) یعنی اگر کوئی حالت تندرستی میں زاد و راحلہ کا مالک ہو اور اس نے حج نہ ادا کیا یہاں تک کہ اپاہج یا مفلوج ہو گیا تو اس پر حج بدل کرانا بلا اختلاف واجب و لازم ہے اسی طرح محیط میں ہے اور اس طرح کرنے سے وہ حج مفروض سے بری الذمہ ہو جائے گا جیسا کہ حدیث بھی اس کی تائید کرتی ہے مشکوۃ شریف کتاب الحج ص ۲۲۱ میں ہے: عن ابن عباس رضى الله عنه قال اتى رجل الى النبي صلى الله عليه وسلم فقال ان اختى قدرت ان تحج وانها ماتت فقال النبي صلى الله عليه وسلم لو كان عليها دين اكنت قاضيه قال نعم قال فاقض دين الله فهوا حق بالقضاء متفق عليه - یعنی حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک شخص نے حضور سید عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا کہ میری بہن نے حج کی نذر مانی تھی اور حج کرنے سے پہلے وہ مرگئی آپ نے فرمایا اگر اس پر قرض ہوتا تو کیا تو اس کو ادا کرتا اس نے عرض کیا: ہاں؛ آپ نے فرمایا: پھر خدا تعالیٰ کا قرض بھی ادا کرو اور اس کا ادا کر نا زیادہ ضروری ہے۔ (بخاری ومسلم)
واللہ تعالی اعلم
کتبــــــه : جلال الدین احمد الامجدی
۶شعبان المکرم ۱۳۸۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔