کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
زید نے بینک یا ڈاک خانہ میں رقم فکس کی اور چند سال میں وہ رقم ڈبل ہو گئی تو اسی رقم سے حج کرنا جائز ہے یا نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهاب
جو بینک یہاں کی خالص غیر مسلموں یا حکومت کے پاس ہیں ان میں جمع شدہ رقم پر جو نفع ملتا ہے بینک کی رضا سے ملتا ہے۔ اس میں جمع کرنے والے کی طرف سے کوئی دباؤ نہیں ہوتا ہے۔ اس لیے وہ رقم مسلمانوں کے لیے سود نہیں ، حلال ہے۔ کیوں کہ یہاں کے غیر مسلم ذمی یا مستامن نہیں، اور مسلمان و غیر ذمی یا غیر مستامن کے درمیان سود نہیں ہوتا ہے۔
حدیث پاک میں ہے:
لا ربوا بين المسلم والحربي في دارالحرب.
دار الحرب میں حربی کا فر اور مسلمان کے درمیان سود کا تحقق نہیں ۔
فتح القدیر ج: ۷،ص ۳۲۹ میں ہے:
لأن مالهم مباح فباى طريق أخذه المسلم أخذ مالا مباحا اذا لم يكن فيه غدر
حربی کفار کے مال مسلمان کے حق میں مباح ہیں۔ اس لیے مسلمان اس مال کو جس طرح چاہے لے سکتا ہے جب کہ اس میں دھو کہ دہی نہ ہو۔
بحر لائق ج :۶، ص: ۱۴۷ میں ہے:
لأن ماله غير معصوم، فبای طریق أخذه المسلم أخذ مالا مباحا.
حربی کافر کا مال معصوم نہیں، لہذا مسلمان اسے جس طرح چاہے، لے سکتا ہے۔
لہٰذا صورت مسئولہ میں زید کو ایسے بینک یا ڈاک خانہ سے جو زائد رقم ملی ہے اس کا لینا بلا شبہ جائز ہے مگر اس کو سود نہ سمجھے، اس سے حج کرنا اور تمام دینی اور دنیوی امور میں صرف کرنا جائز ہے۔
واللہ تعالیٰ اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔