کیا فرماتے ہیں علماے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
اگر کسی مسلمان نے کسی مومن کا قرض ادانہ کرتے ہوئے حج کا فارم بھر دیا جس سے قرض لیا تھا اس سے یہ کہہ دیا کہ قرض ادا کر کے حج کو جاؤں گا اور اس کو دھوکہ دے کر بغیر قرض ادا کیے حج کو چلا گیا اور حج کر کے آنے کے بعد بھی قرض ادا نہیں کیا تو کیا اس شخص کا حج مقبول ہے؟
الجواب بعون الملك الوهاب
حج کے فرائض و واجبات اور اس کی صحت ادا کے شرائط کی رو سے اس شخص کا حج ادا ہو گیا۔ رہا مقبول ہونا تو ہم ظاہر میں اس کی شرطوں کے پائے جانے پر امید ہی رکھ سکتے ہیں۔ صحیح علم اللہ تعالیٰ اور اس کی عطا سے اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو ہے۔ زید نے بلا عذر وعدہ خلافی کی ہو تو گنہگار ہے۔ اس پر لازم ہے جلد از جلد قرض ادا کر کے بری الذمہ ہو۔
قرآن پاک کا ارشاد ہے: وَ اَوْفُوْا بِالْعَهْدِۚ-اِنَّ الْعَهْدَ كَانَ مَسْـٴُـوْلًا (۳۴)
اور عہد پورا کرو، بے شک عہد سے سوال ہونا ہے۔ [بنی اسرائیل : ۳۴]
تفسیر کبیر؛ ج : ۲۰ ص: ۱۴۶ میں ہے:
كل عقد جرى بين انسانين فانه يجب عليه الوفاء بمقتضى ذلك العقد والعهد.
دو آدمیوں کے درمیان جو عقد ہوا، اسے عقد و عہد کے مطابق پورا کرنا واجب ہے۔
واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔