کیا فرماتے ہیں علماے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
رمضان المبارک میں کوئی شخص عمرہ کرنے گیا وہ حج کیا ہوا نہیں تھا۔ اب وہ شخص عید الفطر مدینہ شریف یا مکہ شریف یا جدہ یا سعودی عرب کے کسی اور شہر میں کرے تو کیا اس پر حج فرض ہو جاتا ہے؟
الجواب بعون الملك الوهاب
صورتِ مسئولہ میں شخص مذکور نے عمرہ کر لیا اور مکہ یا مذکورہ شہروں میں رہ کر اشہر حج کو پا لیا ہے اور وہ حج کرنے پر قادر بھی ہے تو اس پر حج فرض ہے۔
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: اَلْحَجُّ اَشْهُرٌ مَّعْلُوْمٰتٌۚ
حج چند معلوم مہینے ہیں۔(پارہ؛۲،البقرۃ ۱۹۷)
فتاویٰ عالم گیری ج:۱، ص: ۲۸۰ میں ہے:
الاشهر المعلومات: شوال، وذى القعدة، و عشرة ذي الحج.
مخصوص مہینے یہ ہیں: شوال، ذی القعدہ اور ذی الحجہ کے دس دن ۔
نیز اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: وَ لِلّٰهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَیْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ اِلَیْهِ سَبِیْلًاؕ
اور استطاعت والوں پر اللہ کے لیے اس گھر کا حج کرنا ہے۔ (پ4، اٰلِ عمران:97)
ردالمحتار ج ۳ : ص : ۴۰۳ میں ہے:
منها الاستطاعة أي: القدرة في اشهرالحج
حج فرض کی ایک شرط ،حج کے مہینوں میں حج کرنے پر قادر ہونا ہے۔
و اللہ تعالیٰ علم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔