کیا فرماتے ہیں علماے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ۔۔۔۔
زید اپنی والدۂ مرحومہ کے لئے حج بدل کا چاہتا ہے، زید اپنی اہلیہ کے ساتھ حج کر چکا ہے، سوتیلی ماں سے اس کے تین بھائی ہیں تو زید اپنی ماں کے حج بدل کے لیے اپنے سوتیلے بھائیوں کی بیویوں میں سے کسی کو اپنے ساتھ لے جا سکتا ہے؟ اگر نہیں تو زید تنہا حج بدل کرے یا دوسرے کو بھیج کر کروائے؟
الجواب بعون الملك الوهاب
زید اپنی ماں کے حج بدل کے لیے سوتیلے بھائیوں کی بیویوں میں سے کسی کو بھی اپنے ساتھ نہیں لے جا سکتا ہے کہ زید بھائیوں کی بیویوں کے لیے غیر محرم ہے اور عورت کو غیر محرم کے ساتھ حج یا کسی اور کام کے لیے سفر کرنا جائز نہیں۔
سنن ابی داؤد ص: ۲۴۱ میں ہے:
قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: لا تحل لامرأة مسلمة تسافر مسيرة ليلة الا ومعها رجل ذو حرمة منها.
رسول صلی اللہ علیہ سلم نے فرمایا: کسی بھی مسلمان عورت کے لئے غیر محرم کے ایک رات کا بھی سفر کرنا جائر نہیں۔
لہذا بہتر یہ ہے کہ زید ہی اپنی ماں کی طرف سے حج کرے۔
سنن نسائی میں ہے:
عن ابن عباس قال رجل : یا رسول الله ان ابي مات، لم يحج افأحج عنه ؟ قال: أرأيت لو كان على ابيك دين اكنت قاضيه؟ قال: نعم، فدين الله أحق.
حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما فرماتے ہیں: ایک شخص نے عرض کیا یا رسول اللہ! میرے والد حج کئے بغیر انتقال کر گئے، تو کیا میں ان کی طرف سے حج کر لوں ؟ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : تیرا کیا خیال ہے؟ اگر تیرے باپ کے ذمہ کوئی قرض ہوتا تو کیا تو ان کا قرض ادا کرتا ؟ اس نے عرض کیا : ہاں! رسول اللہ صلی اللہ علیہ سلم نے ارشاد فرمایا: تو اللہ تعالیٰ کا قرض ادا کرنا اس سے زیادہ حق رکھتا ہے۔
واللہ اعلم بالصواب
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔