صحیح معنوں میں محرم منانے کا کیا طریقہ ہے؟
محمد رئیس خان پانی والا،جی جی آئی اسکول،بانڈہ
محرم منانے کا جائز طریقہ یہ ہے کہ حضرات شہدائے کربلا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کریں، کھانا پکا کر مسلمانوں کو کھلائیں ، دسویں محرم کو روزہ رکھیں، کھچڑا پکائیں ۔ حدیث میں ہے: جو یوم عاشورا کو اپنے بال بچوں کو فراخی کے ساتھ کھلائے پلائے تو اللہ تعالی سال بھر اسے فراخی عطا فرمائے گا ۔(المعجم الكبير للطبراني،ج:١٠، ص: ٧٧،الرقم:١٠٠٠٧،باب العین،باب من روی عن ابن مسعود،دارالنشر،قاھرۃ،مصر)
کھچڑے میں وہ تمام غذائیں پڑتی ہیں جو سال بھر تک کھائی جاتی ہیں۔ اسے پکا کر کھلانے میں یہ امید ہے کہ اللہ تعالی ہر اس چیز میں اسے برکت عطا فرمائے گا جو کھچڑے میں ڈالی گئی ہے۔ نیز حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی دسویں محرم کو کوہ جودی پر ٹھہری تھی ، راشن قریب الختم تھا، کشتی والوں کے پاس جتنا غلہ تھا تھوڑا بہت مختلف قسم کا ، اسے سے جمع فرمایا اور پکایا، یہی کھچڑاہو گیا۔ کھچڑا پکانے میں حضرت نوح علیہ السلام کی یاد بھی منانی ہے ۔
اللہ تعالی فرماتا ہے : وَ ذَكِّرْهُمْ بِاَیّٰىمِ اللّٰهِ. (القران الکریم،الجزء: ١٣،ابراھیم:١٤،الایۃ:٥)
"ایام اللہ " سے مراد وہ دن ہیں جن دنوں میں ہمیں یا ہمارے اسلاف کو کوئی نعمت ملی ہو۔ حضرت سیدنا نوح علیہ السلام ہم سب کے جد بزرگوار ہیں۔ موجودہ نسل انسانی سب کی سب انہی کی اولاد ہیں۔ انھیں اس دن طوفان سے نجات ملی تھی، یہ بہت بڑی نعمت ہے۔ اس لیے بحکم قرآنی اس کی یاد گار منانی مستحسن ہے۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔