کیا فرماتے ہیں مفتیان دین وملت اس مسئلہ میں کہ عورت حیض کی سبب طواف زیارت نہ کر سکی اور اپنے وطن آنے کے لئے دہلی روانہ ہو گئی تو اب طواف زیارت کب کرے؟ اور اس طواف کے بدلے بڑے جانور اونٹ وغیرہ کی حرم میں قربانی کرانا کافی ہو گا یا نہیں؟ بینوا توجروا
عورت مذکورہ پر لازم تھا کہ جب تک وہ طواف زیارت نہ کر لیتی دہلی کے لئے روانہ نہ ہوتی مگر وہ طواف زیارت کئے بغیر چلی آئی تو اس کا حج پورا نہیں ہوا۔ وہ شوال، ذوالقعدہ، یا ذوالحجہ میں مکہ شریف حاضر ہو کر طواف زیارت کرے اور تاخیر کے سبب دم دے یعنی ایک بکرایا مینڈھا حرم میں ذبح کرے۔
کتاب الفقہ علی المذاہب الاربعہ جلد اول صفحہ ۲۵۳ پر ہے: الحنيفية قالوا اذا وقف بعرفة في شهر ذي الحجة ولم يطف طواف الافاضة حتى فرغ ذلك الشهر . كان عليه أن يطوفه في هذه الاشهر في سنة اخرى .
اور فتاوی عالمگیری جلد اول مع خانیہ صفحہ ۳۴۶ پر ہے: " يجب عليه دم لتاخير طواف الزيارة عند ابي حنيفة رحمه الله تعالى كذا في المحيط. اھ اور اس طواف کے بدلے حرم میں بڑے جانور کی قربانی کرانا کافی نہ ہوگا۔ جیسا کہ بدائع الصنائع جلد ثانی صفحہ ۱۳۳ میں ہے: "لا يجزئ عن هذا الطواف بدنة لانه ركن و اركان الحج لا يجزئ عنها البدل ولا يقوم غيرها مقامها بل يجب الاتيان بعينها كالوقوف بعرفة و الله تعالى اعلم.
كتبه : جلال الدین احمد الامجدی
۱۸ شعبان المعظم ١٤١٨ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔