مسئلہ ۱۹۳: ازملک برار مقام نیریبر سوئنیتھ محلہ داروہ ضلع ایوت محل محمدزماں عرف شیخ جھو چہار شنبہ بتاریخ ۱۲ ذوالقعدہ ۱۳۳۳ھ
کیافرماتے ہیں علمائے دین متین اس مسئلہ میں کہ ایک شخص تعزیہ داری کوجائز کہتاہے اگرکوئی انکارکرتاہے توسخت کلامی سے پیش آتاہے چنانچہ پیش امام مسجد نیز واقع تعلقہ دار وہ ضلع ایوت محل ملک برار نے جب انکارکرکے کہا کہ تعزیہ داری سخت منع ہے تواس نے کہا کہ تم خلاف کہتے ہو اور تمہاری امامت جائز نہیں ہے تم سورکھاتے اور حرام کھاتے ہو۔ اس پرتمام بستی کے مسلمانوں نے جمع ہوکر اس سے پوچھا توتمام مسلمانوں کوکہا کہ تم سب سورکھاتے ہو۔اور کہا کہ اجرت پرامامت جائزنہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ ایسے شخص کاقول کہاں تک صحیح ہے؟ کیاتعزیہ داری درست ہے اور اجرت پر امامت جائزنہیں؟اور جو تمام مسلمانوں کوسورکھانے والا بولے تو وہ گنہگار ہے فاسق ہے یانہیں اسے توبہ کرناچاہئے یانہیں؟ مسلمانوں کو ایسے شخص سے برتاؤ کیارکھناچاہئے؟ ایک مسلمان کی آمدنی کھیتی وتجارت سے بھی ہے اور سود سے بھی ہے ایسے شخص کے یہاں کھاناکھانا درست ہے یانہیں؟ اگر کسی مسلمان نے اس کے یہاں کھاناکھایا تو اس کو سود کھانے والا کہیں گے یاایساکہنا اس کوجائزہے یانہیں؟ شاہ مدار کے مہینہ سولہ چراغوں کی عید کرنا کتب فقہ سے جائزہے یانہیں؟
تعزیہ داری ناجائزہے اور فتوٰی اس پرہے کہ امامت پراجرت لیناحلال ہے کما فی ردالمحتار وعامۃ الاسفار (جیسا کہ فتاوٰی شامی اور عام بڑی بڑی کتابوں میں مذکورہے۔ت) جس کے یہاں حلال وحرام دونوں طرح کی آمدنی ہے اس کاکھاناحرام نہیں ہوتا جب تک معلوم نہ ہوکہ یہ خاص کھاناحرام مال سے ہے۔
ذخیرہ وفتاوٰی عالمگیریہ میں امام محمدرضی اللہ تعالٰی عنہ سے ہے: بہ ناخذ مالم نعرف شیئا حراما بعینہٖ ۱؎۔ ہم اسی کو اختیارکرتے ہیں جب تک کسی معین چیز کے حرام ہونے کونہ جانیں۔(ت)
(۱؎ فتاوٰی ہندیۃ کتاب الکراہیۃ الباب الثانی عشر نورانی کتب خانہ پشاور ۵/ ۳۴۲)
یہ دوسری بات ہے کہ سودخور کے یہاں کھانااگرچہ حلال مال سے ہوچاہئے یانہ چاہئے مگرمطلقاً اس کے کھانے والے کو سود کھانے والا کہناشریعت پرافترأ ہے اور عام مسلمانوں کوایساکہنا اور زیادہ شیطانی لفظ ہے اس پرتوبہ فرض ہے اور مسلمانوں سے معافی مانگے، اگرنہ مانے اور اصرار کئے جائے تووہ فاسق ہے اس سے وہی برتاؤ چاہئے جوایک فاسق سے کرنے کاحکم ہے۔رسول اللہ صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم فرماتے ہیں: من اٰذی مسلمًا فقد اٰذانی ومن اٰذانی فقد اٰذی اللہ ۲؎۔ جس نے کسی مسلمان کو بلاوجہ شرعی ایذادی اس نے مجھے ایذادی اور جس نے مجھے ایذادی اس نے اللہ عزوجل کو ایذادی ۔
(۲؎ المعجم الاوسط حدیث ۳۶۳۳ مکتبۃ المعارف ریاض ۴/ ۳۷۳)
اس نے اتنے مسلمانوں کو ایذادی بےشک وہ ظالم ہوا اور ظالم کے پاس بیٹھنے کو قرآن عظیم میں منع فرمایا، قال اللہ تعالٰی: وَ اِمَّا یُنْسِیَنَّكَ الشَّیْطٰنُ فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ الذِّكْرٰى مَعَ الْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ(۶۸) ۳؎۔ اگرتمہیں شیطان بھلادے توپھریاد آنے کے بعد ظالموں کے پاس نہ بیٹھو(ت)
(۳؎ القرآن الکریم ۶/ ۶۸)
یہ سولہ چراغوں کی عیدکیسی ہوتی ہے اس میں کیاکیاجاتاہے کیانیت ہوتی ہے ہمارے دیار میں یہ بالکل نہیں اس کاحال کبھی سننے میں نہیں آیا تفصیل ہونے پرجواب ہوسکتاہے۔ واللہ تعالٰی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔