کیا فرماتے ہیں علمائے ملت اسلامیہ مسئلہ ذیل سے متعلق:
(1) رسول بشر کی جو تعریف ہے بعینہ وہی تعریف رسول ملائکہ کی بھی ہیں یا نہیں ؟ اگر دونوں کی تعریف ایک ہی ہے تو رسول ملائکہ کون شریعت جدیدہ لے کر اور کس قوم کے لیے اور کہاں مبعوث ہوئے؟
(2) ہر رسول کے لیے نبی ہونا لازم ہے یا نہیں؟ اگر لازم ہے تو کیا رسول ملائکہ بھی نبی ہیں اس صورت میں ان کے لیے قدیم شریعت کی اقتدا بھی لازم آتی ہے یا نہیں؟ ان دونوں سوالوں کا جواب مفصل طور پر عنایت فرمائیں عین کرم ہوگا۔ بینوا و توجروا
نبی اور رسول کے بارے میں علما کے تین اقوال ہیں ۔ دونوں مرادف ہیں۔ نبی عام ہے اور رسول خاص ہے۔ مطلقاً نبی اور رسول میں عموم خصوص مطلق کی نسبت ہے۔ جولوگ تساوی کے قائل ہیں وہ نبی کی یہ تعریف کرتے ہیں ، جس کی جانب وحی کی جائے ، اور وحی سے مراد شرعی ہے لغوی نہیں ، اور جو لوگ عام خاص مطلق مانتے ہیں وہ رسول کی تعریف میں کتاب اور بعض شرع جدید کی قید لگاتے ہیں۔ اور نبی کو انسان کے ساتھ خاص کرتے ہیں اور جو عموم خصوص مطلق مانتے ہیں ۔ وہ نبی کی تعریف یہ کرتے ہیں وہ بشر جس کی جانب وحی کی گئی ہو اور رسول وہ ہے جو مامور بالتبلیغ ہو عام اس سے کہ بشر ہو یا نہ ہو۔ اس تقدیر پر ملائکہ میں جو رسول ہیں وہ شرعی معنی کے لحاظ سے ہیں ۔ اس کو المعتقد المنتقد میں راجح فرمایا ۔ البتہ بہار شریعت کے مطالعہ سے ایک قول کا اور پتہ چلا ۔ بہار شریعت میں فرمایا : نبی اس بشر کو کہتے ہیں جسے اللہ تعالیٰ نے ہدایت کے لیے وحی بھیجی ہو اور رسول بشر ہی کے ساتھ خاص نہیں بلکہ ملائکہ میں بھی رسول ہیں۔ اس سے بظاہر متبادر ہوتا ہے کہ رسول عام ہے اور نبی خاص لیکن مجھے کہیں اس کی تفصیل نہیں ملی ۔ ویسے اس کو تیسرے قول کی طرف راجع کیا جا سکتا ہے۔ واللہ تعالیٰ اعلم ۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔