کیا فرماتے ہیں علمائے دین اور مفتیان شرع متین مسئلہ ذیل میں:
جو حضرات حضرت جبرئیل امین علیہ السلام سے حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو افضل مانتے ہیں اور بتاتے ہیں وہ حضرات عند اللہ کافر ہیں کہ نہیں؟ اگر ہیں تو کیوں؟
اہلِ سنت کا عقیدہ ہے کہ: رسل البشر افضل من رسول الملائکہ و رسل الملائکہ افضل من عامۃ البشر و عامۃ البشر افضل من عامۃ الملائکہ اما تفضیل رسل الملائکہ علی عامۃ البشر فبالا جماع بل بالضرور ۃ۔ (شرح العقائد، ص: ١٦٦ ، رسل البشر أفضل من رسل الملئكة ، مجلس بركات)
حضرت جبرئیل امین رُسُل ملائکہ میں سے ہیں اس عبارت میں عامہ بشر سے مراد ہر انسان ہیں۔ انبیائے کرام کے علاوہ۔ اگرچہ وہ صحابی ہو جب رسل ملائکہ عامہ بشر سے افضل ہونا ضروری ہے اور جبرئیل امین تورسل ملائکہ میں سے ہیں تو یہ کہنا کہ حضرت صدیق اکبر جبرئیل امین سے افضل ہیں کفر ہوا۔ اس لیے کہ ضروریات دین کا انکار کفر ہے۔ واللہ تعالی اعلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔