منبع علم و حکمت مخزن اسرار قابلیت نور چشمہ ہدایت حضرت علامہ و مولانا مفتی الشاه الحاج محمد اشفاق حسین صاحب قبلہ ۔ السلام علیکم ۔
بعد سلام و قدم بوسی کے حضور والا کی بارگاہ عالیہ میں عرض ہے کہ ان چند سوالات کے جوابات عنایت کر کے اس ناچیز کو اپنے علمی فیض سے مستفیض فرمائیں ، عین نوازش ہوگی ۔
(۱) حضرت سید نا آدم علیہ السلام کی تخلیق کیسے ہوئی اور مسند خلافت سے نواز کر مالک کا ئنات نے ان کو جنت میں داخل فرمایا جس کی وجہ سے وہ فرشتوں کو ملاحظہ فرماتے تھے کہ ان کو جنت سے نکال کر روئے زمین پر مبعوث فرمایا اس کی کیا حکمت ہے؟
(۲) جنت و دوزخ کو اللہ تعالیٰ نے کہاں پیدا فرمایا ؟ مدلل جواب اس کا عنایت فرمائیں؟
(۳) شب معراج حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کیا جنت و دوزخ کو اس کے اصلی مقام پر ملاحظہ فرمایا یا کہیں اور آپ کو دکھایا گیا تھا ؟ فقط والسلام
الاول : حضرت آدم علیہ السلام کی تخلیق اسی عالم عنصری سے ہوئی اور مکہ و طائف کے درمیان خمیر تیار کیا گیا اور آپ کی خلافت اسی ماڑی زمین کے لیے تھی۔ تفسیر کبیر میں ہے: ان الارض في الآية جميع الارض من المشرق والمغرب (1) ترجمہ: بے شک آیت میں الارض سے مراد مشرق سے لے کر مغرب کی ساری زمین ہے (س)
اور تفسیر نعیمی میں اس طرح ہے: ” آپ کی صورت کی تخلیق مکہ معظمہ اور طائف کے درمیان وادی نعمان میں عرفات پہاڑ سے متصل فرمائی ہے۔ (2)
اور جس جنت میں دخول حضرت آدم ہوا وہ جنت ارضی تھی جنت خلد اور دار ثواب نہیں ۔ تفسیر کبیر میں ہے: قال ابو القاسم البلخي و ابو مسلم الاصفهاني: هذه الجنة كانت في الارض اس کے ثبوت میں چند دلیلیں پیش کی ہیں ، جن میں ایک دلیل یہ ہے: (سادسها) لا نزاع في ان الله تعالى خلق آدم عليه السلام في الارض ولم يذكر في هذه القصة انه نقله الى السماء ولو كان تعالى قد نقله الى السماء لكان ذلك اولى بالذكر لان نقله من الارض الى السماء من اعظم نعم الله فدل ذلك على انه لم يحصل و ذلك يوجب ان المراد من الجنة التي قال الله تعال له (اسكن انت وزوجك الجنة الاخرى غير جنة الخلد (3)
تو جب خلافت آدم مادی زمین کے لیے اور دخول بھی جنت ارضی میں ہوا تو سرے سے ہی سوال ختم ہو جاتا ہے کہ کسی کو ہندوستان کا گورنر بنا کر امریکہ یا اسپین بھیج دیا جائے۔
اور جنت سے مراد جنت الخلد ہو جیسا کہ جمہور کا قول ہے: (القول الثالث) وهو قول جمهور اصحابنا ان هذه الجنة هي دار الثواب والدليل عليه ان الالف واللام فى لفظ الجنة لا يفيدان العموم لان سكنى جميع الجنان محال فلا بد من صرفها الى المعهود السابق والجنة التي هي المعهودة المعلومة بين المسلمين هي دار الثواب فوجب صرف اللفظ اليها . (4)
اور تفسیر ابن کثیر میں آیت اسكن انت و زوجك الجنة کے تحت ہے: وقد اختلف في الجنة التي اسكنها آدم أ هى فى السماء ام فى الارض والاكثرون على الاول (5)
ترجمہ: اس جنت کے بارے میں اختلاف ہے جسے حضرت آدم علیہ السلام نے اپنا مسکن بنایا تھا کہ وہ آسمان میں ہے یا زمین میں پہلے قول پر اکثر اہلِ علم کا اتفاق ہے۔ (س)
تو سوال مذکور کا جواب یہ ہے کہ حضرت آدم علیہ السلام کو جنت خلد میں داخل کیا جانا بحیثیتِ خلافت نہیں تھا بلکہ انعاماتِ الہی اور تقریب غیر متناہی کی بدولت ان پر وہ روحانیت غالب آگئی تھی کہ جس سے ملائکہ بلا تکلف ہر وقت ان کو دکھائی دیتے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ان کو خدا کے دربار میں نہایت عزت و منزلت حاصل ہو چکی تھی لہذا جنت میں چند روز کے لیے اس کے بہترین ماحول سے متاثر کیا گیا کہ مادی زمین کی خلافت میں اس طرح نہ کھو جائیں کہ ادھر کا خیال نہ رہے اور اس مرکز اصلی سے روگرداں ہو جائیں بلکہ عالم عنصری میں رہ کر بھی اس کے ماحول اثر انداز نہ ہوں اور عالم مقدس کے شوق میں ہر دم بے چین و بے قرار ہیں نیز جنت خلد اولا د آدم ہی کا مسکن و مستقر ہوگی ، اس چند روز ابوالبشر کو اس کا پرکیف نظارہ اور اس کی رعنائی و زیبائی کا معائنہ کرایا گیا، تا کہ مادی زمین میں جا کر مسند خلافت پر رونق افروز ہوں اور اپنی اولاد کو دعوت توحید دیں تو ان کے سامنے عینی مشاہدہ کی کیفیات بیان کریں جیسا کہ نوشۂ شب اسری ٰصلی اللہ علیہ وسلم کو شبِ معراج جنت و دوزخ کا معائنہ کرایا گیا ، تا کہ اپنی اُمت کو جس ستھرے مذہب کی دعوت دے رہے ہیں۔ اس کا بہترین انجام مشاہدہ ہوا اور مشرف بہ اسلام ہونے والوں کو اپنے انجام پر علی وجہ الکمال اذعان و یقین حاصل ہو کما قال رسول اللہ ﷺ : ليس الخبر كالمعاينة (6) (7)
الثاني : جنت سدرة المنتہی کے پاس عرش الہی کے نیچے ہے کقوله تعالى: عِنْدَ سِدْرَةِ الْمُنْتَهٰى(۱۴)عِنْدَهَا جَنَّةُ الْمَاْوٰىؕ(۱۵) (8)
ترجمہ: سدرۃ المنتہی کے پاس اس کے پاس جنت الماوی ہے۔ (کنز الایمان ) اور دوزخ تحت الثریٰ میں ہے۔
ارشاد ربانی ہے :اِنَّ كِتٰبَ الْفُجَّارِ لَفِیْ سِجِّیْنٍؕ(۷) (9)
ترجمہ: بے شک کافروں کی لکھت سب سے پیچی جگہ سجین میں ہے۔ (کنز الایمان )
ترمذی کی ایک طویل حدیث میں ہے: والفردوس اعلى الجنة و اوسطها و فوق ذلك عرش الرحمن (10)
ترجمہ : فردوس سب سے اوپر والی جنت ہے اور اس کے اوپر رحمن کا عرش ہے۔ (س) نیز ایک حدیث میں ہے: سقف الجنة عرش الرحمن والنار تحت الارضين السبعة (11)ترجمہ : جنت کی چھت رحمن کا عرش ہے اور جہنم ساتوں زمین کے نیچے ہے۔ (س ) (12)
الثالث : شبِ معراج حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت کا معائنہ اس کے اصلی مقام پر فرمایا جیسا کہ حدیث معراج میں ہے: ثم انطلق بي جبريل حتى ناتي سدرة المنتهى فغشيها الوان لا ادرى ماهي قال ثم ادخلت الجنة فاذا فيها جنابذ اللؤلؤواذا ترابها المسك. (13)
ترجمہ: پھر جبریل مجھے سدرۃ المنتہی پر لے گئے، جس پر مختلف قسم کے عجیب وغریب رنگ چھائے ہوئے تھے، جس کو میں ( قیاس سے) نہیں بتا سکتا پھر مجھے جنت میں لے جایا گیا جہاں موتیوں کے گنبد تھے اور جس کی مٹی مشک تھی۔ (س)
اور ممکن ہے دوزخ کا بھی معاینہ شب معراج سدرۃ المنتہیٰ کے پاس سے فرمایا ہو اگر چہ دوزخ تحت الثری میں ہے اور اس میں کوئی استحالہ نہیں کہ وقت معاینہ دوزخ تحت الثری تک کے سارے حجابات اٹھا دیے گئے ہوں، جیسا کہ حدیث شب معراج ہی میں ہے کہ میں آسمان اول پر ابوالبشر حضرت آدم علیہ السلام سے خیر البشر ﷺ کی ملاقات ہوتے ہوئے دیکھا کہ حضرت کی داہنی طرف جنت ہے اور بائیں طرف جہنم ، داہنی طرف دیکھ کر مسکراتے ہیں اور بائیں طرف دیکھ کر گریاں فرماتے ہیں۔ (14)
با وجود یکہ جنت سدرۃ المنتہی کے پاس اور جہنم تحت الثری میں سے کما سبق ۔
نیز مسجد نبویﷺ میں کسی نماز سے فراغت کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا تھا: جنت، دوزخ مسجد کے اس کنارے پر سامنے لائی گئی حدیث شمس میں ہے: حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ تعالیٰ عنھا سے روایت ہے کہ سرکار ﷺ نے سورج گہن کے بعد حمد الہی اور ثنا کی اور خطبے میں ارشاد فرمایا:ما من شئ كنت لم اره الا وقد رايته في مقامي هذا حتى الجنة والنار (15)ترجمہ: میں نے ساری چیزوں کو اس جگہ سے دیکھ لیا حتی کہ جنت اور جہنم کو بھی ۔
(2) ↩تفسیر نعیمی ، ص: ۲۶۶ ، ج:۱ سوره بقره نعیمی کتب خانہ گجرات
(5) ↩تفسیر ابن کثیر، ص ۱۰۷ ، ج:۱، سورہ بقرہ، دارالاشاعت، پہلا ایڈیشن ۲۰۰۲ء
(8) ↩القرآن المجيد ، سورة : النجم ، آیت : 14- 15
(9) ↩القرآن المجيد سورہ مطففین ، آیت : ۷
(11) ↩حاشيۃ العطار على جمع الجوامع، ص: ۴۸۶ ، ج: ۲، دار الکتب العلمیہ ، بیروت
(13) ↩الصحیح لمسلم ص : ۹۳ ، ج:۱ ، باب الاسراء برسول الله ﷺالی السموات مجلس بركات، جامعہ اشرفیہ
(14) ↩اصحیح مسلم ص : ۹۲ - ۹۳ ، ج:۱، باب الاسراء برسول اللہ ﷺ مجلس برکات، جامعہ اشرفیہ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔