کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین ذیل کے مسئلے میں :
ایک مسلمان جس کی ظاہری وضع نصاریٰ جیسی ہے جو روزے نماز کا بھی پابند نہیں اس کا کہنا ان مسلمانوں کے متعلق جو ہندستان میں ہلڑ وغیرہ میں مارے جاتے ہیں بحیثیت مظلومانہ کہ ”وہ سب مسلمان ہی نہیں تھے“ یہ کہاں تک صحیح ہے؟ ایسا کہنے والے مسلمان کے واسطے حکم شرعی کیا ہے؟ بینوا وتوجروا
الجواب بعون الملك الوهـــاب
اس نے غلط کہا۔ مسلمان ہزار گنہگار سہی مگر شہادت کے بعد اس کے سارے گناہ معاف ہو جاتے ہیں وہ بے حساب و کتاب جنت میں داخل ہوں گے۔ ارشاد ربانی ہے: ” وَ لَا تَقُوْلُوْا لِمَنْ یُّقْتَلُ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ اَمْوَاتٌؕ-بَلْ اَحْیَآءٌ وَّ لٰـكِنْ لَّا تَشْعُرُوْنَ“ (البقرۃ: 154) جو لوگ راہِ خدا میں مارے جائیں انہیں یہ نہ کہو کہ مردہ ہیں بلکہ وہ زندہ ہیں مگر تمہیں شعور نہیں۔ ” وَ لَا تَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ قُتِلُوْا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ اَمْوَاتًاؕ-بَلْ اَحْیَآءٌ عِنْدَ رَبِّهِمْ یُرْزَقُوْنَ“ (آل عمران: 169) جو لوگ راہِ خدا میں قتل ہوئے ان کے بارے میں یہ گمان ہرگز ہرگز نہ کرو کہ وہ مردہ ہیں بلکہ وہ اپنے رب کے پاس زندہ ہیں روزی پاتے ہیں۔ مشکوۃ شریف کی حدیث شریف ہے: حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص سے روایت ہے۔ ” أَنَّ ّالنَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: الْقَتْلُ فِي سَبِيلِ اللهِ يُكَفِّرُ كُلَّ شَيْءٍ إِلَّا الدَّيْنَ .“ (مشكاة المصابيح - الخطيب ولي الدين التبريزي – (ت ٧٤١)،ج 2، ص 1121، كتاب الجهاد، الفصل الأول، الحديث 3806، المكتب الإسلامي – بيروت۔ / صحيح مسلم - أبو الحسين مسلم بن الحجاج بن مسلم القشيري – (ت ٢٦١)، ج 6، ص38، كتاب الإمارة، باب من قتل في سبيل الله، الحديث 1886، دار الطباعة العامرة - تركيا ) یعنی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کی راہ میں قتل ہو جانا سارے گناہوں کا کفارہ ہے سوائے قرض کے۔ لہذا شخص مذکور کو ایسا کہنے کی وجہ سے تو بہ کرنا چاہیے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔