حضور علیہ السلام کو اہلِ سنت نورِ مجسم مانتے ہیں۔ یہ بھی حدیث آئی ہے کہ حضور کا پیٹ چاک کر کے نور بھرا گیا۔ نور کے ساتھ ان چیزوں کا کیا تعلق تھا، جو دھوئی گئیں؟ لہٰذا معلوم ہوا کہ حضور پہلے بشر تھے، اب نورِ حکمت بھرا گیا۔ اگر تمام علوم حضور کے سینے میں، پیٹ چاک کر کے، رکھے گئے، تو پیٹ چاک کرنے کا کیا مطلب؟ تو آدم علیہ السلام کو علوم منکشف کر دیے گئے، تو حضور علیہ السلام کا پیٹ چاک کر کے نورِ حکمت بھرا گیا، تو معلوم ہوا کہ حضور بشر تھے، اب بھی بشر ہیں، غیب بھی نہیں جانتے تھے، نورِ حکمت اب بھرا گیا۔
یا صاحب الجمال ویا سید البشر
من وجهك المنیر لقد نور القمر
محمد بشر لا كالبشر، بل هو
یاقوت بین الحجر
حضور علیہ السلام بشر ہیں، لیکن بے مثل بشر ہیں۔ آپ جیسا نہ کوئی ہوا ہے، اور نہ ہوگا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بے مثل ہونے پر ہزاروں حدیثیں شاہد ہیں، بلکہ قرآنِ پاک میں آپ کی بیویوں کو بے مثل فرمایا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: یٰنِسَآءَ النَّبِیِّ لَسْتُنَّ كَاَحَدٍ مِّنَ النِّسَآءِ اِنِ اتَّقَیْتُنَّ
حضور علیہ الصلوة والسلام نور بھی ہیں، قرآن پاک میں ہے: قَدْ جَآءَكُمْ مِّنَ اللّٰهِ نُوْرٌ تو جلالین میں ہے: ھو النبي صلى الله علیہ وسلم
یُرِیدُونَ لِیُطْفِئُوا نُوْرَ اللّٰهِ میں ایک تفسیر کی بنا پر نور الله سے مراد نبی پاک علیہ الصلوٰة والسلام ہیں ۔
حدیثِ پاک میں ہے: یَا جَابِرُ! إِنَّ اللہ خَلَقَ قَبْلَ الأَشْیَاءِ نُورُ نَبِیِّكَ مِنْ نُورِهِ
یہ حدیث پیشوائے دیابنہ، مولوی اشرف علی تھانوی، علیہ ما علیہ نے بھی نشر الطیب اور اس کے حاشیے پر نقل کی ہے۔
حضور علیہ السلام کے نور ہونے کی تحقیق دیکھنا منظور ہو، تو اس صدی کے مجدد، اعلٰی حضرت عظیم البرکت، مولانا الشاہ محمد احمد رضا خان صاحب بریلوی قدس سرہ العزیز کا رسالۂ مبارکہ صلوٰۃ الصفا فی نور المصطفیٰ ملاحظہ ہو۔
اہلِ سنت کا عقیدہ ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نور ہیں، بے مثل بشر ہیں۔ شقِ صدر کے واقعات میں نبی علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نور ہونے کی نفی نہیں، بلکہ وہاں پر نور بھرنے سے مراد نورانیت کی زیادتی ہے۔ زیادتِ شئ اصل شئ کی نفی نہیں کرتی۔
حدیثِ پاک میں ہے: ایک دفعہ حضرت ایوب علیہ السلام غسل فرما رہے تھے۔ آپ پر سونے کی ٹڈیاں گر رہی تھیں۔ آپ نے ان کو کپڑے میں جمع کرنا شروع کر دیا۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہوا: کیا میں نے تم کو ان سے بے پرواہ نہیں کیا، جن کو آپ دیکھ رہے ہیں؟ حضرت ایوب علیہ السلام نے کہا: کیوں نہیں، تیری عزت کی قسم! (یعنی بیشک تو نے مجھ کو ان سے بے پرواہ کیا ہے، لیکن مجھ کو تیری برکت سے بے پرواہی نہیں۔)
حاشیۂ مشکوٰۃ، بحوالہ مرقاۃ، اس حدیث کے تحت ہے: ای الاستغناء عن كثرت نعمتك وزیادة بركتك
یعنی تیری نعمت کی کثرت اور برکت کی زیادت سے استغنا نہیں ہے۔
اگر آدمی کا وضو ہو، تو اس وضو پر وضو کرے، تو اس سے پہلے وضو کی نفی نہیں ہوگی۔ ہم حضور علیہ السلام کے بشر ہونے کی نفی نہیں کرتے، بلکہ بشر مانتے ہیں، لیکن اپنے جیسا نہیں، بلکہ بے مثل بشر مانتے ہیں۔
اگر تھوڑی دیر کے لیے یہ مان بھی لیا جائے کہ نورانیت بھرنے سے پہلے علمِ غیب نہیں جانتے تھے، تو نورانیت بھرنے کے بعد علمِ غیب کی نفی کیسے ہو گئی؟ مخالفین بتائیں کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنے وصال سے پہلے غیب کی کسی بات کو نہیں جانا۔والله تعالیٰ و رسولہ الاعلیٰ اعلم ۔
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔