ذو المجد والكرم مفتی صاحب قبلہ زید مجد کم جامعہ عربیہ ناگپور السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ دست بستہ التماس یہ ہے کہ استفتاء ذیل کا جواب مرحمت فرما کر ممنون فرمائیں۔
یہاں کی سنی مسجد میں ایک صالح حافظ قرآن ، صحیح العقائد تقریباً بائیس سال سے فرائض امامت ادا کرتے رہے۔ تقریباً چھ ماہ سے انہیں وجع المفاصل کا عارضہ لاحق ہو گیا ۔ جس سے ارکان نماز ادا کرنے میں مختصر سا فرق آگیا۔ کیوں کہ حافظ صاحب ۶۸ سال کی عمر کے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے از خود متولی صاحب سے بغرض علاج دو ماہ کی رخصت لے لی اور اپنی جگہ پر ایک مستند قابل عالم فاضل کو دو ماہ کے لیے مقرر کر دیا۔ اب دو ماہ ختم ہونے کو آئے علاج و معالجہ بہت کیا بڑے بڑے ہسپتالوں میں ایکسرا کرا کر دوائیاں لے آئے ۔ یونانی ، آیور ویدک علاج بھی کرایا مگر مرض میں تخفیف کے آثار نظر نہ آئے ۔ حافظ صاحب کثیر العیال اور غریب ہیں مسجد کی تنخواہ پر گزر اوقات ہوتی تھی ، مسجد کی آمدنی محدود ہے۔ پینشن ہو نہیں سکتی۔ اندریں صورت مذکورہ عذر، عذر شرعی تصور ہوگا یا نہیں؟ یا امام صاحب از خود سبک دوش ہو جائیں ، نماز کا معاملہ ہے، کیا حافظ صاحب رخصت ختم ہونے پر دوبارہ فرائض امامت ادا کر سکتے ہیں یا نہیں؟ بینوا وتوجروا
الجواب بعون الملك الوهــــــــــاب
اگر ارکانِ نماز ادا کرنے میں کوئی واجب ترک ہو جاتا ہے تب تو نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی اور اگر واجب ترک نہیں ہوتا بلکہ خلاف سنت ارکان ادا ہوتے ہوں تو کراہیت تنزیہی کے ساتھ نماز ادا ہو جائے گی۔ بہر حال امام صاحب مذکور اگر متدین ہیں جیسا کہ سوال میں بتایا گیا ہے تو انہیں اپنے حال کا خود جائزہ لینا چاہیے کہ ان کی امامت سے نماز میں ایسی کراہیت تو نہیں آتی جو حد تحریم تک پہنچتی ہو۔ اگر آتی ہے تو انہیں خود سے مستعفی ہو جانا چاہیے اور رزق حلال کا کوئی دوسرا ذریعہ ڈھونڈ نا چاہیے۔ ایسا عذر جو واجب یا کم از کم سنت مؤکدہ کے ترک کا سبب بنے مانع شرعی ہے نہ امام صاحب کے لیے امامت کرنا درست ہے اور نہ انہیں امام بنانا جائز ہے۔ فقط
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
کتبہ: محمد عبد الحلیم رضوی اشرفی
جامعہ عربیہ اسلامیہ ناگپور، ۴ شعبان المعظم ۱۳۹۲ھ
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔