کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین مندرجہ ذیل مسئلے میں :
نماز جنازہ پڑھانے کی صورت کیا ہوگی؟ مثلاً کئی جنازہ مرد ہوں یا کئی جنازہ عورت ہوں یا کئی جنازہ لڑکے یا کئی جنازہ لڑکیاں ہوں تو کیا ایک ساتھ سب مردوں کی اور پھر ایک ساتھ سب عورتوں کی اور پھر ایک ساتھ سب لڑکیوں کی اسی طرح سب لڑکوں کی نماز جنازہ پڑھا سکتے ہیں یا نہیں؟
الجواب بعون الملك الوهـــــــاب
اگر جنازے بہت ہوں تو ہر ایک پر علیحدہ علیحدہ نماز پڑھنا بھی جائز ہے اور ایک ساتھ بھی۔ عالمگیری میں ہے: وَلَوْ اجْتَمَعَت الْجَنَائِزُ يُخَيَّرُ الْإِمَامُ إنْ شَاءَ صَلَّى عَلَى كُلِّ وَاحِدٍ عَلَى حِدَةٍ وَإِنْ شَاءَ صَلَّى عَلَى الْكُلِّ دُفْعَةً بِالنِّيَّةِ عَلَى الْجَمِيعِ، كَذَا فِي مِعْرَاجِ الدِّرَايَةِ. (الفتاوى الهندية، ج 4، ص 470، کتاب الجنائز، الفصل الخامس فی الصلاة علی الميت) لیکن علیحدہ علیحدہ نماز پڑھنا اولی ہے۔ تنویر الابصار اور اس کی شرح در مختار میں ہے: (وإذا اجتمعت الجنائز فإفراد الصلاة) على كل واحدة (أولى) من الجمع وتقديم الافضل أفضل (وإن جمع) جاز (رد المحتار، ج: 2، ص: 218 ، باب صلاة الجنازة) یعنی جب بہت سے جنازے جمع ہو جائیں تو ہر ایک پر علیحدہ علیحدہ نماز پڑھنا ایک ساتھ پڑھنے سے اولی ہے اور ان میں جو سب سے زیادہ بہتر ہے اس کی نماز پہلے پڑھنا بہتر ہے اور ایک ساتھ پڑھے تو بھی جائز ہے۔
والله اعلم باالصواب و رسوله صلى الله عليه وسلم
⚠️ نوٹ: شیئر کارڈ میں اردو کے علاوہ دوسری زبان میں تصویر صحیح نہیں آتی، براہِ کرم پی ڈی ایف ڈاؤن لوڈ کیجئے۔